ٹی آر ایس کے نئے دفاتر کے قیام کے لیے سرگرمیاں تیز

   

Ferty9 Clinic

سال کے اواخر تک تعمیرات مکمل کرنے ضلعی کمیٹیوں کو کے ٹی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔23جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں جہاں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے نئے دفاترکی تعمیر کیلئے اراضیات کی تخصیص عمل میں لائی گئی تھی ان اراضیات پر جاریہ سال کے اواخر بلکہ ماہ اکٹوبر کے اختتام تک نئی عمارتوں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی قائدین بالخصوص وزراء کو نئے پارٹی آفس کے سنگ بنیاد رکھنے کی ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے کہا کہ ان ضلعی ٹی آر ایس دفاتر کی تعمیرات کو جلد مکمل کرلیا جائے اور ان عمارتوں کو ضلعی کمیٹیوں کے حوالہ کرتے ہوئے ماہ نومبر سے ان دفاتر میں سرگرمیوں کے آغاز کو یقینی بنایاجائے۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ریاستی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ 24 جون کو پارٹی دفاتر کے سنگ بنیاد کو یقینی بنائیں۔ حکومت تلنگانہ کی کابینہ کی جانب سے نئے ضلعی دفاتر کیلئے منظوری دیئے جانے کے فوری بعد ٹی آر ایس نے نئے دفاتر کے قیام کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست کے تمام اضلاع میں حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ اراضیات پر تعمیرا ت کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے شہر حیدرآباد میں ریاستی وزراء اور دیگر قائدین سے ملاقات کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع میں حکومت کی جانب سے مختص کردہ اراضیات پر تعمیرات کا جلد آغاز کیا جائے اور جاریہ سال کے اواخر تک عصری سہولتوں سے لیس ضلعی دفاتر کی تعمیر کو مکمل کرلیا جائے۔گذشتہ دنوں حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کو تمام اضلاع میں دفاتر کے قیام کے لئے اراضیات کی تخصیص کے فیصلہ کو منظوری دی تھی اور اس کے دوسرے ہی دن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤنے تلنگانہ بھون میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ پارٹی کی جانب سے ان اراضیات پر عصری سہولتوں سے آراستہ پارٹی دفاتر کے قیام کیلئے 60لاکھ روپئے تک منظور کئے جائیں گے اور مقامی تلنگانہ راشٹر سمیتی کارکنوں اور قائدین کی نگرانی میں ہی یہ کام انجام دیئے جائیںگے۔کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے گذشتہ یوم پارٹی قائدین وریاستی وزراء کو ان اراضیات پر تعمیرات کے سنگ بنیاد کی ذمہ داری تفویض کئے جانے کے بعد کہا جا رہاہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل یا وسط میں تمام اضلاع میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ضلعی دفاتر کی تعمیری سرگرمیوں کا مکمل آغاز کیا جائے گا اور ان اراضیات پر تعمیر کی جانے والی عمارتوں کے لئے پارٹی کی جانب سے بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ان ضلعی پارٹی دفاتر میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ویڈیو کانفرنس کے علاوہ دیگر عصری سہولتوں کی فراہمی کا بھی منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے۔