ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی سے حکومت کا قیام ممکن نہیں : کشن ریڈی

   


بی جے پی کے خوف سے ٹی آر ایس کا ڈرامہ، ہائیکورٹ کے برسر خدمت جج سے تحقیقات کا مطالبہ
حیدرآباد ۔28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی قریبی معاملہ سے بی جے پی کی لاتعلقی کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی کامیابی کے خوف سے ٹی آر ایس نے یہ ڈرامہ کیا ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تاریخ رہی ہے کہ انہوں نے دوسری پارٹیوں سے آنے والے ارکان کو استعفیٰ دلائے بغیر ہی وزارت میں شامل کرلیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر انحراف کے لئے گریٹ ماسٹر کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی کی خریدی کے معاملہ میں ابتداء میں 100 کروڑ کا دعویٰ کیا گیا لیکن اب 15 کروڑ کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیوں سے انحراف کیلئے ترغیب دینے میں کے سی آر ماہر ہیں اور انہوں نے سابق میں اپوزیشن کے کئی ارکان کو ٹی آر ایس میں شامل کیا ۔ بی جے پی میں مختلف قائدین کی شمولیت کی تائید کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی میں شمولیت کے ساتھ ہی غیر دستوری اقدام کا الزام عائد کیا جاتا ہے ۔ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت کو پارٹی کی ایک کمیٹی نے منظوری دی تھی۔ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد راجندر نے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خریدی کے نام پر ڈرامہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ ہمیں 4 ارکان اسمبلی کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی پارٹی میں شمولیت یا عدم شمولیت سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چار ارکان سے تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت قائم نہیں ہوسکتی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ اس معاملہ میں عوام کے درمیان گمراہ کن اطلاعات پہنچائی جارہی ہے تاکہ بی جے پی کی اہمیت کو متاثر کیا جائے۔ کشن ریڈی نے اس واقعہ کی ہائیکورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس مذہبی شخصیت کو گرفتار کیا گیا ، انہیں بی جے پی نہیں جانتی ۔ وہ لوگ فارم ہاؤز میں کیا کر رہے تھے اس سے بی جے پی کا تعلق نہیں ہے۔ حضور آباد ، دوباک اور حیدرآباد میں ٹی آر ایس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات یا جیل بھیجنے سے قبل کے سی آر کے افراد خاندان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات سے بی جے پی خوفزدہ نہیں ہوگی۔ ر