جشن کے بجائے سادگی ، چیف منسٹر کی تصویر کے ساتھ ماسک کی تیاری
حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا 20 واں یوم تاسیس 27 اپریل کو مقرر ہے۔ پارٹی نے یوم تاسیس کو کسی طرح کی تقاریب یا جشن کے بغیر محض رسمی طور پر سادگی سے بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت کی کوششوں کے پس منظر میں پارٹی نے 27 اپریل کو چیف منسٹر کی تصویر اور پارٹی کے گلابی رنگ پر مشتمل ماسک عوام میں بڑے پیمانہ پر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کارکنوں سے خواہش کی گئی کہ وہ چیف منسٹر کی تصویر کے ساتھ ماسک جنگی خطوط پر تیار کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں تقسیم کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ پارٹی کے رکن راجیہ سبھا اور چیف منسٹر کے قریبی جے سنتوش کمار نے ٹوئیٹر پر کہا کہ 27 اپریل اگرچہ ہر کسی کیلئے جشن کا دن ہے لیکن موجودہ حالات میں ہمیں رسمی طور پر منانا ہوگا۔ کورونا وائرس کے سبب تلنگانہ لاک ڈاؤن کی صورتحال سے دوچار ہیں اور وائرس نے یوم تاسیس تقاریب کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں چیف منسٹر کی تصویر اور 20 ویں یوم تاسیس کے تذکرہ کے ساتھ ماسک تیار کریں اور بڑے پیمانہ پر تقسیم کیا جائے۔ تقسیم کے موقع پر سماجی فاصلے کی برقراری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی بھی شخص بغیر ماسک کے باہر نہ نکلے۔ نئے ماسک کے ساتھ تصاویر کو سوشیل میڈیا میں شیئر کیا جائے۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو شادی کی سالگرہ کے موقع پر پارٹی قائدین اور مختلف گوشوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔ اتفاق سے ایک ہی دن کے سی آر اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کے والد کی شادی ہوئی تھی۔ سنتوش کمار نے دونوں خاندانوں کی تصویر ٹوئیٹر پر شیئر کرتے ہوئے دونوں جوڑوں کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ۔
