ٹی آر ایس کے 20 ارکان اسمبلی بی جے پی سے ربط میں : ڈاکٹر لکشمن

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد کے انضمام کو سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ، بی جے پی دفتر میں یوم آزادی تقریب
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں دیگر پارٹیوں کے قائدین بی جے پی میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور خود برسر اقتدار ٹی آر ایس کے 18 تا20 ارکان اسمبلی بی جے پی سے ربط میں ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی دفتر میں آج 73 ویں یوم آزادی تقاریب منائی گئیں۔ صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام یعنی 17 ستمبر کو سرکاری طور پر منانے سے حکومت کے انکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ علحدہ ریاست میں 17 ستمبر سرکاری سطح پر منایا جائے گا لیکن برسراقتدار آتے ہی انہوں نے اپنی بات بدل دی۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ میں تلنگانہ عوام کو تیقن دیتا ہوں کہ اس بار ہم یوم نجات منائیں گے۔ 70 سالہ طویل کشمیر کے تنازعہ کو نریندر مودی نے خیرخوبی سے حل کردیا۔18 ریاستوں میں 50 فیصد سے زیادہ عوام نریندر مودی کی تائید کررہے ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ کی بی جے پی پر کی گئی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت سے ٹی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست مجلس کو اپنی حلیف جماعت رکھتے ہوئے کے ٹی آر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کے خلاف بہت جلد فیصلہ دیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کو سبق سکھانے کیلئے بی جے پی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری نہیں کی گئی ہے۔ پراجکٹس کے نام پر کئی ہزار کروڑ کی لوٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی ایک ناقابل تسخیر طاقت بن کر اُبھری ہے ۔ پارٹی کی رکنیت سازی مہم توقع سے کہیں زیادہ کامیاب رہی ۔ انہوں نے کہا کہ 18 اگسٹ کو تلگودیشم کے 20 ہزار سے زائد کارکن بی جے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔