ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد میں 104 ڈیویژنس پر کامیاب ہوگی

   

بی جے پی کا خواب چکنا چور ہوجائے گا ۔ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں ٹی آر ایس 104 بلدی ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ کامیابی حاصل کرنے سے متعلق بی جے پی کے دعوؤں کو ’ مونگیری لال کے حسین سپنے ‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ۔ انہوں نے آج ایم ایل اے کوارٹرس آدرش نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیمات ٹی آر ایس کی کامیابی کے ضامن ثابت ہوں گے ۔ چیف منسٹر کی قیادت میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لیے جو خدمات انجام دی ہے وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ ٹی آر ایس کے 6 سالہ دور حکومت میں گریٹر حیدرآباد کی جو ترقی ہوئی وہ ترقی کانگریس اور تلگو دیشم کے 60 سالہ دور حکومت میں بھی نہیں ہوئی ہے ۔ اس سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور حکومت کے خلاف جھوٹے و من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں ۔ بی جے پی کی جانب سے مئیر کے عہدے پر قبضہ کرنے کے دعویٰ کے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ دوباک کے مقامی حالات الگ تھے گریٹر حیدرآباد کے حالات الگ ہیں ۔ بی جے پی کا خواب چکنا چور ہوجائے گا ۔ کورونا بحران کے باوجود حکومت تمام فلاحی اسکیمات کو برقرار رکھا اور کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد میں سڑکوں ، فلائی اوورس کی تعمیرات میں تیزی پیدا کی اور دوسرے اقدامات کو جنگی خطوط پر مکمل کرنے میں خصوصی دلچسپی دکھائی ۔ شہر حیدرآباد کے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے جس سے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ سیلاب کے متاثرین کے لیے 550 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے راحت فراہم کی جو اس امداد سے محروم ہیں ۔ انہیں می سیوا مراکز سے درخواستیں حاصل کرتے ہوئے بینکوں کے کھاتوں میں رقم جمع کی جائے گی ۔۔