حیدرآباد/15 اگسٹ ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں یوم آزادی تقاریب منائی گئیں۔ پارٹی سکریٹری جنرل و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کیشو راؤ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر کیشو راؤ نے تلنگانہ عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مجاہدین کی قربانیوں کے نتیجہ میں ہمیں آج جمہوریت کے ماحول میں جینے کا موقع ملا ہے۔ برطانوی سامراج کے خلاف مجاہدین نے جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے مجاہدین نے جو خواب دیکھے تھے ان کی تکمیل ہم تمام کی ذمہ داری ہے۔ آزادی کے ثمرات غریبوں اور پسماندہ طبقات تک پہنچانا حکومتوں کے ساتھ ساتھ سماج کے ہر ذمہ دار شخص پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں مثالی ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے دلتوں اور کمزور طبقات کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات کا حوالہ دیا۔ اس موقع پر ارکان مقننہ اور حضور آباد حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس یادو موجود تھے۔