کے سی آر اورکے ٹی آر پر جمہوریت کا مذاق اُڑانے ڈاکٹر لکشمن کا الزام
حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز ؍ این ایس ایس) تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ان کے فرزند و وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیاکہ ان دونوں نے بلدیات اور کارپوریشنوں کے کلیدی عہدوں پر غیر جمہوری انداز میں قبضہ کرتے ہوئے جمہوریت کا مذاق اُڑایا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے اپنی پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ حکمراں پارٹی کے قائدین، بلدیات میں صدورنشین اور نائب صدورنشین کے عہدوں اور کارپوریشنوں میں جہاں اپوزیشن کو اکثریت حاصل ہوئی ہے، میئر کے عہدوں پر ناجائز قبضوں کے لئے غیر جمہوری اور غیر دستوری طریقہ اختیار کئے ہیں۔ لکشمن نے کے سی آر اور کے ٹی آر کو سیاسی موقع پرست قرار دیا۔ بی جے پی کے صدر نے ٹی آر ایس کو الیکشن پارٹی قرار دیا اور کہاکہ کے سی آر کو عوام کی فلاح و بہبود سے نہیں بلکہ کسی بھی طرح انتخابات جیتنے سے دلچسپی رہتی ہے۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کا حوالہ دیتے ہوئے لکشمن نے کہاکہ بی جے پی کو 28 نشستوں پر کامیابی کے باوجود ٹی آر ایس نے مجلس سے مفاہمت کے ذریعہ میئر کے عہدہ پر قبضہ کرلیا۔