نئی دہلی میں دفتر کے لیے اراضی الاٹ کرنے نمائندگی
حیدرآباد۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے قومی دارالحکومت دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کے قیام کے لیے اراضی الاٹ کرنے کے مسئلہ پر وزیراعظم سے نمائندگی کی۔ وفد نے بتایا کہ راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں ٹی آر ایس ارکان کی جملہ تعداد 17 ہے اور قانون کے مطابق ان کی پارٹی کو 1000 مربع میٹر اراضی الاٹ کی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں تفصیلات سے وزیراعظم کو واقف کروایا اور امید ظاہر کی کہ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت مثبت فیصلہ کرے گی۔ اربن ڈیولپمنٹ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق 1000 مربع میٹر اراضی الاٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ دہلی میں راجندر پرساد روڈ پر خالی اراضی موجود ہے جسے الاٹ کرنے کے لیے وزیراعظم سے خواہش کی گئی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لوک سبھا میں پارٹی لیڈر جتیندر ریڈی نے کہا کہ وزیراعظم اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے جلد فیصلے کی خواہش کی گئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت اس سلسلہ میں مثبت فیصلہ کرے گی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں جتیندر ریڈی کے علاوہ بی ونود کمار، نرسیا گوڑ، کے پربھاکر ریڈی، جی نگیش، سیتا رام نائک، سنتوش کمار، بی لنگیا یادو، بی پرکاش کے علاوہ دہلی میں حکومت کے خصوصی نمائندے وینوگوپال چاری شامل تھے۔ واضح رہے کہ چندر شیکھر رائو قومی سیاست میں حصہ لینے کے لیے نئی دہلی میں متحرک ہونا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے وہ حیدرآباد کے علاوہ دہلی میں پارٹی آفس کے قیام کا فیصلہ کرچکے ہیں۔