مرکز میں بی جے پی فیصلوں کی ٹی آر ایس نے تائید کی، شہریت قانون پر کے سی آر کی خاموشی
حیدرآباد۔10 جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ دونوں پارٹیاں خفیہ مفاہمت کے ذریعہ مقابلہ کررہی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج سوشل میڈیا کے ذریعہ 22 جنوری کو انتخابات والے کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ حکومت کی پالیسیوں سے عوام سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس بلدی انتخابات میں قواعد کی خلاف ورزی کے ذریعہ کامیابی کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ملی بھگت کے ذریعہ انتخابی شیڈول جاری کیا گیا۔ ووٹر لسٹ اور ریزرویشن کے اعلان کے بغیر انتخابی اعلامیہ جاری کیا گیا جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس و دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کو حکومت اور الیکشن کمیشن نے نظرانداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹی آر ایس کے سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کانگریس کارکنوں کو فوجی کی طرح کام کرنا ہوگا۔ قائدین اور کارکنوں کو انتخابات میں پارٹی کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں کے سی آر اور کے ٹی آر نے میونسپلٹیز کی ترقی کو نظرانداز کردیا۔ فنڈس کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کی ترقی کے بغیر ٹی آر ایس کس طرح ووٹ مانگ سکتی ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام حکومت کو ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الائونس کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اسکیم پر عمل آوری شروع نہیں ہوئی ہے۔ ایک کسان کو بھی قرض معافی کے اعلان سے فائدہ نہیں پہنچا۔ کسانوں کو فصل بیمہ اسکیم سے استفادہ کا موقع نہیں دیا گیا۔ کے سی آر حکومت نے سماج کے ہر طبقے کے ساتھ دھوکہ کیا ہے لہٰذا انتخابات میں عوام کو چاہئے کہ وہ ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کے تمام فیصلوں کی ٹی آر ایس نے تائید کی جن میں نوٹ بندی، جی ایس ٹی، طلاق ثلاثہ، صدر جمہوریہ اور نائب صدر کے انتخابات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ملی بھگت ہے اور ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور ٹی آر ایس سے دوستی کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں۔ شہر کی مقامی جماعت مجلس کو نشانہ بناتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے سلسلہ میں کے سی آر نے تاحال اپنے موقف کا اعلان نہیں کیا ہے اس کے باوجود اسد اویسی خاموش ہیں۔