مارواڑی طبقہ کے قائدین کی پارٹی میں شمولیت، وزیرداخلہ محمود علی کی تقریر
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) وزیرداخلہ محمد محمود علی نے دعویٰ کیاکہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ نے فلاحی اور ترقیاتی کاموں میں ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ مارواڑی سماج سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین نے ہرش پٹیل کی قیادت میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ان کارکنوں کا وزیرداخلہ محمود علی نے ٹی آر ایس میں استقبال کیا اور اُنھیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمود علی نے کہاکہ ٹی آر ایس نے ہمیشہ تمام طبقات کی ترقی کو ترجیح دی ہے۔ چیف منسٹر ہر طبقہ کی یکساں ترقی کے لئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کرچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک بھر میں شہرت حاصل کرچکی ہیں اور کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کیا ہے۔ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر نے ریاست کی ترقی کے لئے نہ صرف پراجکٹس کا آغاز کیا بلکہ فلاحی اسکیمات کے ذریعہ کمزور اور پسماندہ طبقات کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا۔ چیف منسٹر عوامی خدمات کے سلسلہ میں ہمیشہ کارکنوں اور قائدین کو پابند کرتے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ ٹی آر ایس میں محنتی اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ صرف الیکشن کے وقت دیگر پارٹیاں عوام کے درمیان دکھائی دیتی ہیں لیکن ٹی آر ایس ہمیشہ عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دیگر پارٹیوں سے ٹی آر ایس میں قائدین اور کارکنوں کی شمولیت خود اِس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو ٹی آر ایس پر اعتماد ہے۔ اُنھوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ پارٹی میں اُنھیں مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ ملک پیٹ انچارج اعظم علی خرم نے شمولیت اختیار کرنے والے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقوں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں مصروف ہوجائیں۔ اِس موقع پر ٹی آر ایس قائد بدرالدین نے مارواڑی سماج کے ذمہ داروں کا تعارف کرایا جن میں بابو لال، گوردھن شرما، گریدھر، گووند لویا، کاشی ناتھ اور دوسرے شامل ہیں۔
