ٹی آر ایس کی انتخابی دھاندلیوں کے خلاف نائب صدر اور گورنر سے نمائندگی

   

تکو گوڑہ میونسپلٹی انتخاب کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے ڈاکٹر لکشمن کا اعلان
حیدرآباد۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس کو بھولنا نہیں چاہئے کہ مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے تکو گوڑہ میں دیویندر گوڑ کی قیام گاہ پر پارٹی کارکنوں کا اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تکوگوڑہ میونسپلٹی چیرمین کے انتخاب کے خلاف قانونی جدوجہد کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے قاعدگیوں کے ذریعہ میونسپلٹی کے صدرنشین کے عہدے پر ٹی آر ایس نے قبصہ کیا ہے۔ پارٹی کارکنوں سے مشاورت کے بعد اس معاملے میں عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی دھاندلیوں پر نائب صدر جمہوریہ اور گورنر سے نمائندگی کی جائے گی۔ تکو گوڑہ میں ووٹ ڈالنے پر ڈاکٹر کیشور رائو کو نااہل قرار دینے کے لیے راجیہ سبھا کے صدرنشین وینکیا نائیڈو سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد کیشو رائو کو آندھراپردیش الاٹ کیا گیا تھا۔ لیکن چور راستے سے ٹی آر ایس نے اس میونسپلٹی پر قبضہ کیا ہے۔ لکشمن نے کہا کہ تکوگوڑہ سے ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ بلدی انتخابات کے نتائج سے واضح ہوچکا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ پارٹی نے تنہا مقابلہ کرتے ہوئے 80 میونسپلٹیز میں اپنے امیدواروں کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے واضح فیصلے کے باوجود دھاندلیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس نے صدرنشین کے عہدے پر اپنے امیدوار کو کامیاب کیا۔ کے ٹی آر اور کے سی آر کی بے قاعدگیوں اور ان کے تسلط کے خلاف بی جے پی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اقتدار کے لیے کانگریس ارکان اسمبلی کو انحراف کے ذریعہ ٹی آر ایس میں شامل کیا گیا۔ بی جے پی کی بڑھتی طاقت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بی جے پی کارکنوں کو پولیس مقدمات کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے۔ بھینسہ میونسپلٹی میں ٹی آر ایس کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ نریندر مودی کے فیصلے بی جے پی کی اصل طاقت ہے۔ پارلیمانی انتخابات میں عوام نے چار لوک سبھا حلقوں پر بی جے پی کو کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو سبق سکھایا۔ اویسی سے دوستی کے لیے چیف منسٹر کے سی آر شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کی مخالفت کا مطلب پاکستان کے مسلمانوں کو ہندوستانی شہریت فراہم کرنے کی تائید کرنا ہے۔