مہم میں متعدد مرتبہ توسیع کے باوجود غیر حوصلہ مند ردعمل، بی جے پی کی رکنیت کے حصول میں جوش و خروش پر پارٹی صدر ناراض
حیدرآباد۔11اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت سازی مہم مکمل کرلی گئی ہے اور آئندہ 10 یوم کے دوران بوتھ واری اساس پر کمیٹیوںکی تشکیل کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کی جانب سے شروع کی جانے والی رکنیت سازی مہم 10 اگسٹ کو بغیر کسی توسیع کے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور سابق میں رکنیت سازی مہم کی آخری تاریخ میں3مرتبہ توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی نے تمام 119 حلقہ جات اسمبلی میں کم از کم 50ہزار ارکان پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹرسمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا تھا کہ ہر حلقہ اسمبلی میں 50ہزار افراد کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کا رکن بنانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور ہر حلقہ اسمبلی کے ذمہ دار کو اس بات کی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ کم از کم 40ہزار ارکان بنانے کے لئے کوشش کرے۔پارٹی ذرائع کے مطابق تلنگاہ راشٹر سمیتی نے جو نشانہ مقرر کیا تھا اس کے قریب رکنیت سازی مہم پہنچ چکی ہے اورریاست کے بیشتر حلقہ جات اسمبلی میں رکنیت سازی مہم نے نشانہ کی تکمیل بھی کرلی ہے لیکن اس کے باوجود پارٹی سربراہ و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کی رکنیت سازی مہم پر اطمینان کا اظہار نہیں کیا ہے او رکہا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے رکنیت سازی کے نشانہ کی تکمیل کیلئے تین مرتبہ رکنیت سازی مہم میں توسیع کو منظوری دی ہے جبکہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکنیت بھی جاری ہے ۔بتایاجاتاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں نوجوانوں نے رکنیت حاصل کی ہے اورتلنگانہ کے شہری علاقوں کے علاوہ اضلاع کے نوجوانوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے متعلق جوش و خروش دیکھا جا رہاہے جس سے چیف منسٹر خوش نہیں ہیں کیونکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی سمت توجہ ریاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے لئے اچھی علامت نہیں ہے۔بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو عوام کے درمیان مستحکم اور کارکرد رکھنے کیلئے پارٹی قائدین کو عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل پرتوجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں دیگر سیاسی جماعتیں بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے استحکام حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ان کی ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ ریاست میں ٹی آر ایس قائدین عوام کے خادم کی حیثیت سے کام کریں اور اپنے اندر موجود قائدانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے کارکنوں اور قائدین کو جوڑ کرمتحد رکھیں۔
