ٹی آر ایس کی قومی یکجہتی تقاریب ، بی جے پی حیدرآباد لبریشن ڈے منائے گی

,

   

کے سی آر کا این ٹی آر اسٹیڈیم پر جلسہ عام، امیت شاہ پریڈ گراؤنڈ پر خطاب کریں گے، جلسوں کی کامیابی کیلئے مسابقت
سقوط حیدرآباد پر پہلی مرتبہ آج سیاسی سرگرمیاں

حیدرآباد ۔16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کو 74 سال مکمل ہوگئے لیکن پہلی مرتبہ سقوط حیدرآباد سیاسی جماعتوں کیلئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ تلنگانہ کی برسر اقتدار ٹی آر ایس نے سقوط حیدرآباد کو تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کے طور پر تین دن تک منانے کا فیصلہ کیا جبکہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے منانے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے بھی یوم انضمام کو ریاست گیر سطح پر منانے کی تیاری کرلی ہے ۔ حیدرآباد میں کل 17 ستمبر کا دن ٹی آر ایس اور بی جے پی کیلئے طاقت کے مظاہرہ کا دن رہے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے این ٹی آر اسٹیڈیم میں جلسہ عام منعقد ہوگا جس سے چیف منسٹر کے سی آر خطاب کریں گے جبکہ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب کا آغاز کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ دونوں پارٹیوں نے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے بڑے پیمانہ پر تیاریاں شروع کردی ہیں۔ انضمام حیدرآباد کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اس قدر بڑے پیمانہ پر تقاریب کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی نے سرکاری طور پر تقاریب کا فیصلہ کیا لیکن دونوں کے عنوانات مختلف ہیں۔ ٹی آر ایس انضمام حیدرآباد کو قومی یکجہتی کے طور پر منارہی ہے جبکہ بی جے پی اپنے ایجنڈہ کے مطابق حیدرآباد لبریشن ڈے کے ذریعہ اپنے ووٹ بینک کو مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 17 ستمبر کو صبح 10.30 بجے باغ عامہ نامپلی میں قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر قومی پرچم لہرانے کی ذمہ داری ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو دی گئی ہے۔ نکلس روڈ سے این ٹی آر اسٹیڈیم تک ریالی منظم کی جائے گی اور چیف منسٹر خطاب کریں گے۔ جلسہ میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ سرکاری سطح پر ریالی اورجلسہ عام کی تیاریاں بڑے پیمانہ پر کی جارہی ہے۔ دوسری طرف پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر صبح 9 بجے امیت شاہ قومی پرچم لہرائیں گے۔ وہ لبریشن ڈے موضوع پر خطاب کریں گے۔ مرکزی حکومت نے ایک سال تک لبریشن ڈے تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پریڈ گراؤنڈ سے امیت شاہ پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ لنچ کے بعد مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں حصہ لیں گے جہاں معذورین میں مختلف آلات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے ضمن میں یہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ امیت شاہ شام میں نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ کانگریس پارٹی نے گاندھی بھون میں یوم انضمام تقریب کی تیاری کی ہے جہاں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی قومی پرچم لہرائیں گے۔ تمام اضلاع میں ضلع کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے پرچم کشائی انجام دی جائے گی۔ ر