ٹی ایس آئی پاس کے مثبت نتائج

   

شہر میں سرکاری اور آلودگی سے پاک صنعتوں کی پالیسی کامیاب ، کے ٹی آر وزیر کا خطاب
حیدرآباد۔4ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں کافی حد تک کامیابی ملی ہے اور حکومت کی جانب سے صنعتی اداروں کے قیام میں سہولت کی فراہمی کیلئے ٹی ایس آئی پاس کی شروعات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ میں ٹی ایس آئی پاس کی شروعات کے 5سال کی تکمیل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں سرمایہ کاری اور آلودگی سے پاک صنعتوں کے قیام کی حکمت عملی کامیاب ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے باہر حدود میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی صنعتی اداروں کے قیام کی اجازت کے سلسلہ میں بتایا کہ ٹی ایس آئی پاس کی شروعات کا مقصد صنعتوں کے قیام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا اور اب صنعتی اداروں کو اس سہولت سے استفادہ میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا حکومت مسٹر کے چندر شیکھرراؤ کی قیادت میں ریاست کو درپیش برقی بحران سے نمٹنے میں کامیاب ہوچکی ہے جبکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں ریاستی صنعتکار آلودگی سے پاک برقی نظام کیلئے کوشاں تھے لیکن اب تلنگانہ میں برقی توانائی کی پیداوار کے لئے مختلف طریقہ کار اختیار کئے جانے لگے ہیں جن میں شمسی توانائی کے علاوہ قابل تجدید توانائی شامل ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤنے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کرنے والے صنعتکاروں کو ٹی ایس آئی پاس کے سبب تمام درکار اجازت نامہ ایک ہی جگہ سے حاصل ہونے لگے ہیں جو کہ ان کیلئے سب سے بڑی سہولت ہے۔ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے صنعتکارو ںمیں کافی جوش پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے ملک کے معاشی حالات کے باوجود تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی شرح میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثال بنتے جا رہے ہیں۔ ٹی ایس آئی پاس کے 5سال کی تکمیل پر منعقدہ اس تقریب سے وزیر مسٹر سی ایچ ملا ریڈی ‘ مسٹر جئیش رنجن کے علاوہ دیگر عہدیدار اور سرکردہ سرمایہ کاروں کے علاوہ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ملک میں واحد ریاست ہے جو صنعتکاروں اور زرعی شعبہ کو بلا وقفہ 24 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنارہی ہے۔