حیدرآباد ۔ 12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں گذشتہ 8 یوم سے جاری ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال میں مزید شدت پیدا کرنے اور اپنے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین یونینوں پر مشتمل ٹی ایس آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے زیر اہتمام مختلف احتجاجی پروگراموں بشمول 19 اکٹوبر کو ’ ریاست تلنگانہ بند ‘ منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کو مختلف گوشوں بشمول تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف یونینوں وغیرہ سے حاصل ہونے والی بھر پور تائید کی روشنی میں ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال میں شدت پیدا کرنے اور مزید سخت گیر موقف اختیار کرنے کے ایک حصہ کے طور پر مختلف احتجاجی پروگرامس منظم کرنے کا اعلان کیا ۔ کنوینر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین یونین جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر اشوادھاما ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 13 اکٹوبر کو ریاستی سطح پر سڑکوں پر پکوان پروگرام منظم کیا جائے گا ۔ 14 اکٹوبر کو ریاست کے تمام آر ٹی سی بس ڈپوز کے روبرو عام جلسے منعقد کرنے و احتجاجی دھرنے منظم کئے جائیں گے ۔ 15 اکٹوبر کو ریاست میں ہر جگہ راستہ روکو پروگرامس ، 16 اکٹوبر کو بڑے پیمانے پر طلباء کی احتجاجی ریالیاں منظم کرنے ، 17 اکٹوبر کو دھوم دھام پروگرامس منظم کرنے کے علاوہ 18 اکٹوبر کو ’ بائیک ریالیاں ‘ منظم کی جائیں گی ۔۔