تلسنکرات تہوار میں خصوصی بس خدمات، اضلاع اور دیگر ریاستوں کے مسافروں کی آمدورفت
حیدرآباد ۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو اس مرتبہ تلسنکرات تہوار کے موقع پر عوام کو اپنے آبائی مقام پہنچنے کیلئے آرام دہ سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کے نتیجہ میں ریکارڈ تعداد میں آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ اس طرح تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے جاریہ ماہ 9 تا 16 جنوری تک شہر حیدرآباد سے ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کو چلائی گئیں خصوصی بسوں کے ذریعہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو جملہ 94 کروڑ روپئے کی بھاری آمدنی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی عہدیداروں میں زبردست مسرت کا اظہار پایا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ تلسنکرات تہوار تلگو عوام کیلئے سب سے بڑی اور انتہائی اہمیت کی حامل عید تصور کی جاتی ہے جس کے پیش نظر شہر حیدرآباد سے تلگو ریاست آندھراپردیش کیلئے زائد از چار ہزار خصوصی بسیں چلاتے ہوئے اس تہوار کے موقع پر تقریباً 30 لاکھ عوام کو ان کے آبائی مقامات تک پہنچانے کے اقدامات کئے گئے تھے۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ زائد از چار ہزار خصوصی بسیں چلانے کی وجہ سے ٹی ایس آر ٹی سی کو اس مرتبہ ریکارڈ تعداد میں آمدنی حاصل ہوئی ہے جس کی سابق یں کوئی نظیر نہیں ملے گی جبکہ گذشتہ سال تلسنکرات تہوار کے موقع پر چلائی گئیں خصوصی بسوں کے ذریعہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو 83 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی تھی اور اس سال 11 کروڑ روپئے سے زائد آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ دنوں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کاپوریشن کی جانب سے بس کرایوں میں فی کیلو میٹر 20 پیسے کے اضافہ کی وجہ سے بھی اس مرتبہ آمدنی میں اضافہ کی ایک اہم وجہ ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں اس مرتبہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد بھی گذشتہ سال کے مقابلہ میں زیادہ رہی۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ فی الوقت سنگین مالی بحران سے دوچار ٹی ایس آر ٹی سی کو اس مرتبہ حاصل ہوئی زبردست آمدنی کے ذریعہ کسی قدر مالی بحران سے نجات پانے میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو ممدومعاون ثابت ہوسکے گا۔