ٹی ایس ایمسیٹ امتحان کوویڈ 19کے سلامتی کے اصولوں کے ساتھ انعقاد

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ انجینئرنگ اگری کلچراینڈ میڈیسن کامن انٹرنس ٹسٹ (ٹی ایس ایمسیٹ)امتحان برائے انجینئرنگ اسٹریم آج کوویڈ19کے تمام سلامتی کے پروٹوکول کے ساتھ منعقد ہوا۔یہ امتحان 102مراکز بشمول تلنگانہ کے 79اور اے پی کے 23مراکز میں منعقد ہوا۔امیدواروں کو امتحان سے نصف گھنٹہ پہلے اندر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ کوویڈ19وبا کے پیش نظر طلبہ نے ماسک لگاکر امتحان میں شرکت کی۔ساتھ ہی جسمانی فاصلہ کے اصولوں پر عمل کیا جبکہ حکام نے طلبہ کے لئے سینی ٹائزر فراہم کئے ۔جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کے حکام نے امتحانی مراکز پر وسیع انتظامات کئے تھے جن میں امتحان سے پہلے اور بعد میں سینی ٹائزر کی فراہمی بھی شامل تھی۔اس امتحان کے لئے جملہ 1,43,165امیدواروں نے اندراج کروایا تھا۔یہ امتحان مزید تین دن یعنی 14ستمبر تک جاری رہے گا۔