ٹی ایس ای سیٹ میں رینکس حاصل کرنے کے باوجود آندھرا پردیش کے طلبہ داخلوں سے محروم

   

پڑوسی ریاست میں پالی ٹیکنیک فائینل ایر کے امتحانات منعقد نہ ہونے کے تناظر میں فیصلہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے تلنگانہ ریاست کے ای سیٹ میں رینکس حاصل کرنے والے آندھرا پردیش کے طلبہ کو اس مرتبہ تلنگانہ کے پالی ٹیکنیکس میں داخلے نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی انہیں کونسلنگ میں شریک ہونے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ آندھرا پردیش میں پالی ٹیکنیک کے فائینل ایر کے امتحانات ابھی تک منعقد نہیں ہوئے ۔ لہذا کونسلنگ کیلئے ان کے پاس ضرورت کے مطابق اسنادات کی عدم موجودگی کو مد نظر رکھتے ہوئے آندھرا پردیش کے طلبہ کو داخلے نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سال TS ECET کے امتحان میں 23,667 طلبہ نے شرکت کی اور 22,522 طلبہ کوالیفائی ہوئے ان میں تقریبا 1500 طلبہ کا پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق ہے ۔ تلنگانہ میں جمعرات سے کونسلنگ کا آغاز ہوگیا ہے اور اسنادات کی جانچ کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے ۔ کڑپہ ، اننت پور ، کرنول کے طلبہ تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے پالی ٹیکنیک میں منعقدہ کونسلنگ میں حصہ لینے کیلئے پہونچے تاہم عہدیداروں نے اس مرتبہ کونسلنگ میں شرکت کرنے کی انہیں اجازت نہیں دی ۔ جس پر طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1200 روپئے فیس ادا کی ہے جب کونسلنگ کیلئے پہونچے تو انہیں اجازت نہیں دی جارہی ہے یہ ان کے ساتھ نا انصافی ہے ۔۔ N