ٹی ایس اے ملازمین کو سکھوں کی جانب سے ہندوستانی غذا اور گفٹ کارڈس

   

واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست انڈیانا کے سکھوں نے فیڈرل ٹرانسپورٹیشن اینڈ سیکوریٹی ایڈمنسٹریشن کے ملازمین کو ہندوستانی کھانے اور گفٹ کارڈس تقسیم کئے جنہیں گذشتہ 35 دنوں سے جاری شٹ ڈاؤن کی وجہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔ دی ٹرانسپورٹیشن سیکوریٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) دراصل یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی کی ایک ایجنسی ہے جسے امریکہ میں سفر کرنے والے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یاد رہیکہ اس ایجنسی کا قیام 2001ء میں 9/11 کے بعد عمل میں آیا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ وفاقی حکومت کی کارکردگی شٹ ڈاؤن کے بعد پیر سے بحال ہوگئی ہے تاہم امریکی ملازمین کو تنخواہیں ملنے میں مزید کچھ روز لگ جائینگے۔ اس موقع پر انڈیانا ٹی ایس کے فیڈرل سیکوریٹی ڈائرکٹر آرون بٹ نے فشرس کی سکھ برادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بے غرض خدمات انجام دیکر سب کا دل جیت لیا۔