حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ لا کمیشن انٹرنس ٹسٹ ( لا سیٹ ) ایجوکیشن کامن انٹرنس ٹسٹ ( ایڈ ۔ سیٹ ) اور انٹیگریٹیڈ کامن انٹرنس ٹسٹ ( آئی سیٹ ) کے داخلوں کی کونسلنگ کا ماہ نومبر کے اختتام سے قبل انعقاد عمل میں آسکتا ہے ۔ تینوں سیٹس کے تعلق سے داخلوں کا شیڈول جلد ہی جاری کیا جائیگا تاہم اس کیلئے ریاستی یونیورسٹیز کی جانب سے سال آخر ڈگری امتحانات کے نتائج کے اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ مذکورہ بالا کورسیس میں داخلوں کا عمل ڈگری سال آخر کے امتحانی نتائج سے مربوط ہے جن کا ریاست کی مختلف جامعات کی جانب سے ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ جیسے ہی جامعات کی جانب سے نتائج کا اعلان کیا جائیگا ایڈ سیٹ ‘ لا سیٹ اور آئی سیٹ کے داخلوں کا اعلامیہ جاری کردیا جائیگا اور امید کی جا رہی ہے کہ داخلوں کے عمل کو جاریہ ماہ کے ختم تک مکمل کرلیا جائیگا۔