پناجی : گوا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے چہارشنبہ کو کہا کہ ترنمول کانگریس کانگریس پارٹی کی بی ٹیم ہے اور برسراقتدار پارٹی کا آنے والے انتخابات میں ترنمول کانگریس کے انتخابی میدان میں اترنے کے امکانات سے بی جے پی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔گوا بی جے پی کے ترجمان عرفان ملا نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی مضبوطی سے اپنی بنیاد بنائے گی اور 23 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ترجمان نے بتایاکہ “ترنمول کانگریس کانگریس پارٹی کی بی ٹیم ہے ۔ ریاست کی سیاست میں ان کا داخلہ بی جے پی کو متاثر نہیں کرے گا۔ ہم انتخابات میں 23 سے زائد نشستیں جیت کر اپنی بنیاد مضبوط کریں گے ۔ “ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی خود ایک سیکولر پارٹی ہے اور اس لیے یہ کہنا غیر متعلقہ ہوگا کہ ترنمول یا کوئی دوسری پارٹی سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرے گی۔مسٹر ملا نے بتایاکہ “بی جے پی سب سے سیکولر پارٹی ہے ۔ اس کے 15 ایم ایل اے اقلیتی برادری سے آتے ہیں۔ جس شخص سے آپ بات کر رہے ہیں وہ بھی اقلیتی برادری سے ہے ۔ بی جے پی نے سب کو یکساں مواقع دیئے ہیں۔