ٹی ایم سی میں اختلافات کے دوران امیت شاہ کا دورہ بنگال

,

   

کولکاتہ ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ آج رات دو روزہ دورہ مغربی بنگال پر کولکاتہ پہونچے جہاں وہ ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے ۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ برسر اقتدار ترنمول کانگریس میں کچھ ارکان کی جانب سے بغاوت کی جا رہی ہے ۔ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ طاقتور سمجھے جانے والے سوویندو ادھیکاری امیت شاہ کے دورہ کے موقع پر ٹی ایم سی کے مزید ناراض قائدین کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ سوویندو ادھیکاری نے ممتابنرجی حکومت کے وزیر اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ کہا جا رہا ہے کہ کچھ ارکان اسمبلی بھی بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں جن میں سل بھدرا دتا اور جتیندر تیواری بھی شامل ہیں۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ رات ہوٹل میں توقف کے بعد امیت شاہ ہفتے کی صبح این آئی اے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرینگے ۔ اس کے بعد وہ سوامی ویویکانندا کی قیامگاہ جا کر انہیں خراج پیش کریں گے ۔ بعد ازاں امیتشاہ مدنا پور جائیں گے جہاں وہ انقلابی شخصیت خودی رام بوس کو خراج پیش کرینگے اوردو مندروں کا دورہ بھی کرینگے ۔ اس کے بعد امیت شاہ ایک کسان کے گھر جائیں گے اور دوپہر کا کھانا کھائیں گے ۔ وہ مدنا پور کالج گراونڈ پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے ۔ اتوار کو امیت شاہ امکان ہے کہ وشوا بھارتی یونیورسٹی شانتی نکیتن کا دورہ کرینگے اور ایک گلوکار کی قیامگاہ میں لنچ کریںگے ۔ اس کے بعد بول پور میں وہ ایک روڈ شو کی قیادت کرینگے اور میڈیا سے بات کریں گے ۔ شام میں وہ دہلی واپس ہوجائیں گے ۔ امیت شاہ کا دورہ ایسے میں ہو رہا ہے جبکہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کا وقت قریب آتا جا رہا ہے اور ریاست میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس میں کچھ قائدین کی جانب سے بغاوت کی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں مختلف امور پر ریاستی اور مرکزی حکومت کے مابین اختلافات اور تنازعات میں بھی حالیہ وقتوں میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔