ٹی ایم سی کا اندرون پارٹی جھگڑا 10 افراد زندہ جل گئے

   

کولکاتا : مغربی بنگال کی برسر اقتدار ترنمول کانگریس میں اندرون پارٹی جھگڑے کے واقعہ میں 2 بچوں کے بشمول 10 افراد زندہ جل کر خاک ہوگئے۔ ضلع بیربھوم میں منگل کو یہ واقعہ پارٹی کے ایک مقامی لیڈر کے قتل کے فوری بعد پیش آیا۔ اِس واقعہ نے سیاسی طوفان مچادیا ہے جبکہ اپوزیشن بی جے پی نے ریاست میں صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا اور ٹی ایم سی نے اِس مطالبہ کو اُسے بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔ اپوزیشن پارٹیوں نے دعویٰ کیاکہ اِس واقعہ کے پس پردہ ٹی ایم سی کارفرما ہے۔ برسر اقتدار پارٹی نے اِس الزام کی تردید کی ہے۔ اِن اموات کو ہولناک قرار دیتے ہوئے گورنر مغربی بنگال جگدیپ دھنکر نے ادعا کیاکہ ریاست تشدد اور لاقانونیت کے کلچر کی لپیٹ میں ہے۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے گورنر سے ایسی بیان بازی سے گریز کرنے کی اپیل کی۔