حیدرآباد:ٹی این جی اوزگریٹرحیدرآبادایس ایم حسینی مجیب نے قومی باکسنگ چمپئین محمد حسام الدین کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ادارہ کی جانب سے 21ہزار روپئے کی نقد رقم انعام دیا۔ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد دفتر میںریاستی وزیراسپورٹس ٹی سرینواس گوڑ کے ہاتھوں یہ انعام پیش کیاگیا۔اسکے علاوہ ریاستی وزیرداخلہ محمد محمودعلی کے ہاتھوں اس قومی کھلاڑی کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔ بعدازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے ایس ایم حسینی مجیب نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ریاست کے قومی اور ریاستی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے کام بھی انجام دیتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل نکہت زرین اور دیگر عالمی اورقومی چیمپئن کھلاڑیوں کو بھی اعزاز اورنقد رقومات سے نوازا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ ٹی این جی اوز کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان لڑکے او رلڑکیاں کھیل کود کے میدان میںبہترین مظاہرے کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ ایس ایم حسینی مجیب نے کہاکہ ہر شعبہ حیات میں ضرورت مندوں کی خدمت ٹی این جی اوز کا شیوہ رہا ہے اور ہمیشہ سے ہم نے سرکاری ملازمین کے مسائل کی موثر نمائندگیوں کے علاوہ غیرسرکاری سطح پر ضرورت مندوں کی ضرورتوں کوپورا کرنے کے کام بھی انجام دئے ہیں۔