ٹی ای ٹی امتحان کے سرٹیفکیٹ کی میعاد میں تبدیلی نہیں: پوکھریال

   

نئی دہلی،25جولائی(سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی ٹیچنگ ایلیجیبلیٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی) کے سرٹیفکیٹ کی میعاد میں تبدیلی یا اسے ختم کرنے کا منصوبہ نہیں ہے اور سات برس کی مدت کے بعد ٹیچر بننے کے لیے امیدوار کو یہ امتحان دوبارہ پاس کرنا ضروری ہے ۔ انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر رمیش پوکھریال نے آج راجیہ سبھا میں ضمنی سوالوں کے جواب میں بتایا کہ ضرورت کے مطابق اسکول کے نصاب میں مسلسل تبدیلی ہوتی رہتی ہے اس لیے اساتذہ کو ان کے مطابق ٹریننگ کرنے کے لیے ٹی ای ٹی کی سرٹیفکیٹ کی میعاد کو سات سال تک محدود کیا گیا ہے اور اگر اس مدت میں کوئی ٹیچر نہیں بن پاتا ہے تو اسے ٹی ای ٹی کا امتحان دوبارہ دینا ہوگا۔ چار سال کے بی ایڈ کے سلیبس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ اسی سال سے شروع ہوجائے گا۔