ٹی بی کے خاتمہ کیلئے سخت موقف اختیار کرنے کی ضرورت : گورنر سکم

   

گنگٹوک: سکم کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے سخت موقف اختیار کرے گی۔ آچاریہ نے یہ بات جمعہ کو اتر پردیش کے وارانسی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کیے گئے ‘ٹی بی سے پاک ہندوستان سے متعلق پروگرام میں ورچوئل طور پر حصہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا،ہندوستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 2025 تک ٹی بی کو ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ یہ عالمی ہدف 2030 سے پانچ سال پہلے ہے ۔ سکم کو اس پر سخت موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایک ریاست کے طور پر ملک کے ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے اور اس طرح کی اسکیموں کا حصہ بننا چاہیے ۔ مرکزی وزارت صحت نے ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر وزیر منسکھ مانڈویہ کی قیادت میں ‘اقوام متحدہ کی اسٹاپ ٹی بی یونٹ’کے تعاون سے اس پروگرام کی میزبانی کی تھی۔ آچاریہ نے اس موقع پر راج بھون میں ٹی بی کے 10 مریضوں کو گود لیا۔ گورنر کی پہل پر منعقد پروگرام میں ضلع ٹی بی سیل کے ڈاکٹروں اور راج بھون کے ملازمین نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ٹی بی کے مریضوں کی مدد کے لئے ڈسٹرکٹ ٹی بی سیل کو 1.20 لاکھ روپے فراہم کئے ۔