ٹی سوندرا راجن نے لیفٹننٹ گورنر پڈوچیری کی ذمہ داری سنبھال لی

,

   

تقریب حلف برداری میں چیف منسٹر کی شرکت
حیدرآباد۔ گورنر ٹی سوندرا راجن نے آج لیفٹننٹ گورنر پڈوچیری کی حیثیت سے حلف لیا۔ پڈوچیری میں راج نواس کے لانس میں آج صبح منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس مدراس ہائی کورٹ سنجیب بنرجی نے سوندرا راجن کو عہدہ کا حلف دلایا۔ حلف برداری کے بعد لیفٹننٹ گورنر کو گارڈ آر آنر پیش کیا گیا۔ سوندرا راجن پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والی پانچویں خاتون ہیں۔ چیف منسٹر وی نارائن سوامی، کابینی رفقاء، ارکان اسمبلی، قائد اپوزیشن این رنگا سوامی، اے آئی ڈی ایم کے ارکان اسمبلی، ڈی ایم کے ارکان اسمبلی اور بی جے پی کے نامزد کردہ 3 ارکان اسمبلی، اعلیٰ عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے کرن بیدی کو لیفٹننٹ گورنر کے عہدہ سے سبکدوش کرتے ہوئے تلنگانہ کی گورنر سوندرا راجن کو اضافی ذمہ داری دی ہے۔ اسی دوران کرن بیدی جنہیں لیفٹننٹ گورنر کے عہدہ سے ہٹادیا گیا ابھی بھی راج نواس میں قیام کررہی ہیں۔ انہوں نے تخلیہ کیلئے دو دن کا وقت مانگا ہے۔