ٹی وی اداکارہ شراونی کی خود کشی معاملہ میں دو افراد گرفتار

   

متوفیہ کو خود کشی کے لیے آمادہ کرنے کا الزام ، جوبلی ہلز پولیس کی کارروائی
حیدرآباد: ٹی وی فلم اداکارہ کے شراونی کی خودکشی کے معاملہ میں ایس آر پولیس نے دو افراد بشمول ایک ٹی وی فلم اداکار کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کو خودکشی کرنے پر امباٹی دیوراج ریڈی اور سائی کرشنا ریڈی نے آمادہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹی وی اداکارہ کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری سے ہے اور پانچ سال قبل وہ فلموں میں کام کرنے کی غرض سے حیدرآباد آئی تھی جہاں اس کی ملاقات سائی کرشنا ریڈی سے ہوئی اور دونوں کے درمیان تین سال سے معشوقہ چل رہا تھا اور سائی کرشنا اداکارہ کے گھر کے اخراجات برداشت کر رہا تھا لیکن کسی وجوہات کی بناء پر دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے اور وہ علحدہ رہنے لگے۔ سال 2018 ء میں متوفی اداکارہ شراونی کو ایک فلم پریمتی کارتک میں کام کرنے کا موقع ملا جس کے دوران اس کی دوستی فلم پروڈیوسر اشوک ریڈی سے ہوئی اور اداکارہ نے اس کے ساتھ بھی اپنے تعلقات قائم کرلئے تھے ۔ سال 2019 ء میں ٹک ٹاک کے ذریعہ شراونی کی دوستی ایک ٹی وی اداکار امباٹی دیوراج ریڈی سے ہوئی اور دونوں نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو بنایا تھا جس کے سبب انہیں کم وقفہ میں بہت مقبولیت ملی تھی ۔ دیوراج ریڈی نے حیدرآباد منتقل ہونے کے بعد 9 دن تک شراونی کے مکان میں تھا اور دونوں کے درمیان جسمانی تعلقات قائم ہوگئے تھے ۔ بعد ازاں دیوراج ریڈی کو اداکارہ کا موبائیل فون دیکھنے پر اسے اس بات کا علم ہوا کہ سابقہ میں شراونی نے سائی کرشنا ریڈی اور اشوک ریڈی سے بھی تعلقات قائم کئے ہوئے تھے جس کے نتیجہ میں اس نے شراونی سے بات چیت بند کردی تھی اور نمبر بھی بلاک کردیا تھا ۔ کچھ دنوں بعد شراونی نے سمیر نامی شخص کی برتھ ڈے پارٹی میں دیوراج ریڈی کو طلب کیا جہاں پر کھلے عام اس نے دیوراج سے محبت کا اظہار کیا لیکن ٹی وی اداکار نے سب کے سامنے اس کے پرانے راز افشاں کردیئے ۔ اس مسئلہ پر دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور اداکارہ نے دیوراج پر دست درازی کا مقدمہ بھی درج کرایا اور سائی کرشنا ریڈی نے بھی اس سے اختلاف کرنے لگا تھا ۔ 8 ستمبر کو شراونی نے اپنے فلیٹ کے باتھ روم میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی تھی جس پر متوفیہ کے ارکان خاندان نے دیوراج اور دیگر افراد پر خودکشی پر آمادہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ۔