سماج میں برائیوں میں اضافہ کا اندیشہ، عدالت سے رجوع ہونے کا اعلان
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ٹی وی شو ’’بگ باس ‘‘کے ٹیلی کاسٹ پر روک لگانے کیلئے عدالت سے رجوع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بگ باس شو سماج میں برائیوں کی حوصلہ افزائی اور اخلاقیات کے زوال کا سبب بن رہا ہے۔ یہ شو نوجوان نسل کی تباہی کا سبب ہے لہذا اس پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بگ باس شو کے ذریعہ ریڈ لائٹ علاقہ کی تہذیب کو متعارف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 105 دنوں تک نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس شو میں ایک ساتھ اور ایک ہی مقام پر قیام کرتے ہیں۔ درون خانہ کی سرگرمیوں سے کوئی واقف نہیں۔ انہوں نے پروگرام کے ڈائرکٹرس سے سوال کیا کہ کیا 24 گھنٹے لائیو پروگرام پیش کیا جاسکتا ہے۔ نارائنا نے کہا کہ تلگو میں جاری اس پروگرام کے میزبان فلم اسٹار ناگرجنا ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سماج کو برائیوں اور نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری پابندی عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پابندی کیلئے عدالت میں دائر کردہ درخواست طویل عرصہ سے زیر التواء ہے لہذا وہ پھر ایک مرتبہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔ ڈاکٹر نارائنا نے حسین ساگر میں گنیش وسرجن کی مخالفت کی اور کہا کہ وسرجن کے نتیجہ میں حسین ساگر آلودگی کا شکار ہورہا ہے۔ انہوں نے عدالت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ گنیش اُتسو سمیتی عدالتی احکامات کے خلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عدالت کے احکامات پر عمل آوری کو یقینی بنانا ہوگا۔R