ٹی وی چیانل میں گنیش چتورتھی کی پوجا

   

آر ایس ایس کے ترجمان سنیل امبیڈکر کی شرکت
حیدرآباد۔20۔ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد سے چلائے جانے والے ٹی وی چیانل سوتنترا ٹی وی میں گنیش چتورتھی پوجا میں آر ایس ایس کے ترجمان سنیل امبیڈکر نے شرکت کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر بی کرشنا پرساد کے علاوہ دیگر ارکان اسٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے سوتنترا چیانل کے متعلق تفصیلات حاصل کی اور اس کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔آر ایس ایس قائد کی شہر حیدرآباد کے ٹی وی چیانل کے دفتر میں گنیش پوجا میں شرکت اور ادارہ کے ذمہ داروں سے ملاقات کے بعد چیانل کے ذریعہ چلائی جانے والی خبروں کے متعلق آگہی حاصل کی ۔بی کرشنا پرساد نے آر ایس ایس پرچار پرمکھ سنیل امبیڈکر کو بتایا کہ ان کا چیانل ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی تلگو ریاست آندھرا پردیش کے امور پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تلگو عوام کے امور و مسائل کے علاوہ سیاسی نظریات کو پیش کرتا ہے۔آر ایس ایس پرچار پرمکھ کو منیجنگ ڈائریکٹر سواتنتر چیانل نے بتایا کہ چیانل اپنے نام کی طرح آزاد صحافت پر یقین رکھتا ہے اور صحافتی اقدار کے تحفظ کے لئے غیر جانبداری کے ساتھ خبروں کی ترسیل کا کام انجام دے رہا ہے۔انہوں نے چیانل کی خبروں کے متعلق بتایا کہ ان کے چیانل سے غیر جانبداری کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں اور اس بات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے خبروں کی نگرانی کی جاتی ہے ۔ بی کرشنا پرساد منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ تمام باتیں آر ایس ایس پرچار پرمکھ سنیل امبیڈکر کو بتائی۔