ٹی وی 9 کے سابق سی ای او کو راحت ، ضمانت قبل از گرفتاری کی منظوری

   

تلبیس شخصی ، دھوکہ دہی و دیگر سنگین الزامات ، تحقیقاتی ایجنسی سے تعاون کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ /12 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ٹی وی 9 چیانل کے سابق سی ای او روی پرکاش کی مشروط ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تلبیس شخصی ‘ دھوکہ دہی اور دیگر سنگین الزامات کے تحت سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے روی پرکاش کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا اور ان کی تفتیش کیلئے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن بھی طلب کیا گیا تھا ۔ روی پرکاش نے دو مرتبہ تلنگانہ ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست داخل کی تھی لیکن انہیں کوئی راحت نہ ملنے پر وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے ۔ عدالت عظمی نے روی پرکاش کو ضمانت دینے کے بجائے دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کا حکم دیا اور بعد ازاں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر دوبارہ سماعت کرنے ہائیکورٹ کو حکم دیا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس نے جوابی حلف نامہ میں ہائیکورٹ کو یہ واقف کروایا تھا کہ ضمانت ملنے پر روی پرکاش اس کیس کے گواہوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں اور تحقیقات میں دشواریاں ہوسکتی ہیں ۔ لیکن ہائیکورٹ نے روی پرکاش کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے اس کیس میں پولیس کی تحقیقات میں تعاون کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت کے اجازت کے بغیر ملک نہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے اور تحقیقات کے سلسلے میں فوری تحقیقاتی ایجنسی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت کے فیصلے کے بعد روی پرکاش نے راحت کی سانس لی ہے ۔ چونکہ ان کی گرفتاری سے متعلق کئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ۔