دبئی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2020 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیموں کی گروپ مرحلے میں کوالیفکیشن کا اعلان کردیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ابتدائی طور پر عالمی درجہ بندی میں سرِفہرست 10 ٹیمیں کوالیفکیشن مرحلے کے بغیر ہی ایونٹ میں شامل ہوں گی جبکہ 16 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنمنٹ میں 6 ٹیمیں کوالیفکیشن کے بعد داخل ہوسکیں گی۔ ورلڈ کپ مرحلہ وار کھیلا جائے گا جس میں پہلے مرحلے میں8 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گے جن میں سے صرف 4 ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی سوپر 12 مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی جہاں پہلے سے ہی عالمی درجہ بندی کے مطابق 8 ٹیمیں موجود ہوں گی۔ 31 دسمبر تک کی عالمی درجہ بندی کے مطابق سر فہرست پاکستان، ہندوستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور افغانستان وہ ٹیمیں ہیں جو پہلے ہی سوپر 12 مرحلے میں موجود ہیں جبکہ سابق چمپیئن سری لنکا کے ساتھ بنگلہ دیش پہلے مرحلے میں باقی 6 کوالیفائر ٹیموں کے مدِ مقابل ہوں گی۔خیال رہے کہ عالمی درجہ بندی کے مطابق سری لنکا 9ویں جبکہ بنگلہ دیش 10ویں نمبر پر موجود ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا میلہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے نام سے مشہور تھا تاہم اب اس کا نام تبدیل کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رکھ دیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ساتواں ایڈیشن 2 سال کی تاخیر کے بعد اب سال 2020 میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز 2 مرتبہ، انگلینڈ، پاکستان، ہندوستان اور سری لنکا ایک مرتبہ فاتح ٹرافی حاصل کرچکے ہیں ۔ یاد رہے کہ سری لنکائی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جو 3 مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے جس میں اسے ایک میں کامیابی ملی جبکہ 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔