ادیس ابابا۔ 8 نومبر (یو این آئی) ایتھوپیا میں ٹائیگرے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) نے حکومت پر افار علاقے میں مسلح حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ، جس میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ اخبار ادیس اسٹینڈرڈ میں شائع ٹی پی ایل ایف کے بیان کے مطابق، یہ حملہ 6 نومبر کی رات ڈرون کے ذریعہ کیا گیا، جس کے دوران ٹی پی ایل ایف اور مقامی باشندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی افراد ہلاک ہوئے ۔ ٹی پی ایل ایف نے الزام لگایا کہ وفاقی افواج اور ان کی اتحادی ملیشیا نے بھاری توپ خانے سے گولہ باری شروع کرنے سے پہلے ایک سڑک کو بند کرنے کی کوشش کی، جو امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ علاوہ ازیں، جمعرات کو جاری ایک اور بیان میں ٹی پی ایل ایف نے دعویٰ کیا کہ ایتھوپیائی حکومت نے افار علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے کرائے کے فوجیوں کو منظم کیا اور انہیں اسلحہ فراہم کیا۔ خیال رہے کہ شمالی ایتھوپیا میں یہ تنازع نومبر 2020 میں اس وقت شروع ہوا جب ٹائیگرے کے حکام نے وفاقی حکومت پر ایک فوجی اڈے پر حملے کا الزام لگایا تھا۔ ٹی پی ایل ایف تقریباً تین دہائیوں تک ایتھوپیا کی سیاست پر غالب رہا، جس کے بعد حکومت نے ٹائیگرے میں ایک فوجی کارروائی شروع کی۔