ٹی کرشنا ریڈی کی مانک ٹھاکرے و ریونت ریڈی سے ملاقات

   

عنقریب کانگریس میں باقاعدہ شمولیت، بی آر ایس ہائی کمان کے رویہ سے ناراضگی
حیدرآباد: 18 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر قائد اور سابق رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیشورم حلقہ میں بی آر ایس ٹکٹ پر کرشنا ریڈی نے مقابلہ کیا تھا لیکن کانگریس امیدوار سبیتا اندرا ریڈی سے شکست ہوئی اور بعد میں سبیتااندرا ریڈی نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ آئندہ انتخابات میں بی آر ایس سے ٹکٹ کے امکانات موہوم دیکھتے ہوئے تیگلا کرشنا ریڈی نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے سابق میئر ٹی کرشنا ریڈی کو منانے بی آر ایس ہائی کمان نے مساعی کی لیکن ناکامی ہوئی۔ کرشنا ریڈی نے اپنی دختر صدرنشین ضلع پریشد رنگاریڈی انیتا ریڈی کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آج کانگریس کے تلنگانہ انچارج مانک رائو ٹھاکرے اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں شمولیت کی تاریخ پر بات ہوئی۔ ٹی کرشنا ریڈی نے تلگودیشم سے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور حیدرآباد میئر کے علاوہ ہڈا کے صدر نشین رہے۔ انہوں نے حیدرآباد تلگودیشم صدر کے عہدے پر خدمات پر انجام دیں۔ 2014ء میں کانگریس امیدوار مال ریڈی رنگاریڈی پر کامیابی حاصل کی تاہم 2018ء میں انہیں سبیتااندرا ریڈی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس سے بی آر ایس میں شمولیت کے بعد سبیتا اندرا ریڈی کو کابینہ میں شامل کیا گیا جس سے کرشنا ریڈی سخت ناراض تھے۔ بی آر ایس ہائی کمان نے ان کی دختر کو ضلع پریشد صدرنشین مقرر کیا لیکن وہ آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کی مانگ کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں پرینکا گاندھی کے دورۂ تلنگانہ کے موقع پر کرشنا ریڈی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ر
سوریا پیٹ بی آر ایس قائدین کانگریس میں شامل
حیدرآباد: 18 جولائی (سیاست نیوز) سوریا پیٹ کے بی آر ایس قائدین نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ سابق مارکٹ کمیٹی صدرنشین پدی ریڈی راجہ، سابق مارکٹ کمیٹی وائس چیرمین این مدھو، مارکٹ کمیٹی ڈائرکٹر رام بابو، سابق کونسلرس و دیگر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرکے سوریا پیٹ میں پارٹی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنے کا عہد کیا۔ سوریا پیٹ ٹائون، سوریا پیٹ رورل اور دیگر منڈلوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے حامیوں کے ہمراہ جوبلی ہلز میں ریونت ریڈی کی قیام گاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کانگریس کے اقتدار کا فیصلہ کرچکے ہیں اور کے سی آر حکومت کی بدعنوانیوں کا خاتمہ ہوگا۔ر