ٹی 10، کرکٹ کو اولمپک کا حصہ بننے میں مددگار: رسل

   

   ابوظہبی ، 16 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے سب سے بڑے ہٹنگ آل راؤنڈر آندرے رسل نے اعتراف کیا کہ ٹی 10 فارمیٹ کی آمد سے کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بننے میں مدد مل سکتی ہے۔ رسل ، جنھوں نے حالیہ برسوں میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کافی کامیابی حاصل کی ہے ، ابوظہبی ٹی 10ٹورنمنٹ میں ناردرن واریرس کا حصہ ہوں گے ، جس کا تیسرا سیزن 14 تا 24 نومبر کے درمیان متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں ہوگا۔ جب یہ پوچھا گیا کہ کیا کھیل کو اولمپکس میں شامل کرنے کے لئے ٹی 10 فارمیٹ مستقبل کا راستہ ہے تو انہوں نے اس کا مثبت جواب دیا۔ رسل نے کہا کرکٹ کے لئے اولمپک کھیل بننا شاندار ہوگا اور میں جانتا ہوں کہ تمام کھلاڑی اولمپک ایونٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع پسند کریں گے۔ 31 سالہ رسل نے کہاکہ ہر کرکٹر کوچاہئے وہ ٹی 10 میں اپنا کھیل بہتر بنائے۔ٹی 10 کی شکل واضح طور پر ٹی ٹونٹی سے کم ہے اور بیٹسمینوںکو خودثابت کرنے کے لئے بہت کم وقت ملتا ہے۔ آپ کو واقعی جارحانہ کرکٹ کھیلنا پڑتا ہے۔ جمیکا سے تعلق رکھنے والے رسل نے کہا بولر اور فیلڈنگ ٹیم کی حیثیت سے آپ کو اپنے کھیل پر تمام تر توجہ مبذول رکھنا ہوتا ہے اور اچھی طرح سے منصوبہ بنانا ہوتا ہے ۔ابوظہبی ٹی 10 کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ، رسل نے کہا کہ انہیں اعتماد ہے کہ یہ پچھلے سال کے مقابلے میں بڑا اور بہتر ہوگا۔مجھے یقین ہے کہ یہ باکس آفس کا ایونٹ ہوگا۔ ابوظہبی ٹی 10 کی میزبانی کرنے کے لئے ایک عمدہ مقام ہے۔ یہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے ٹورکرنے کی ایک بہترین جگہ ہے۔