ٹی 20 سیریز کیلئے لاہور میں سخت ترین سکیوریٹی ، وکٹیں بیٹنگ کیلئے سازگار

   

لاہور۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) لاہور میں پاکستان سری لنکا ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے سخت سیکیورٹی حصار قائم کر دیا گیا اور نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو چہارشبنہ سے ہی عوامی سرگرمیوں کیلیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔کراچی کے بعد لاہور میں بھی بین الاقوامی کرکٹ کا میدان سجنے کو ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان5 اکتوبر کو شروع ہونے والی 3 ٹوئنٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو عوام کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز بھی ہوگیا۔ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں دکانیں، شادی ہالزاور ریسٹورنٹس موجود ہیں، ان سب کو بھی10 اکتوبر تک مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد کی شاہراہوں کی صفائی کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔ سیریز کے دوران کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو ڈینگی سے بچانے کے لیے اسپرے بھی کیاجاچکا۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مجموعی طور پر 12ہزار پولیس عہدیداروں کی خدمات لی جائیں گی۔ پاکستانی فوج اور رینجرز کے چاک وچوبند دستے الگ ہوں گے۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں موجود سیکیورٹی اینڈ ویجلینس سیل کے عہدیدار درجنوں خفیہ کیمروں کی مدد سے ہر آنے جانے والے پر کڑی نظر رکھیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم میں وکٹوںکی تیاری کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ مقابلوں کے دوران شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلیے پی سی بی کی طرف سے سپورٹنگ پچز تیارکرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس پر ہمالیائی اسکور بننے کے امکانات ہیں ۔ اس اسٹیڈیم میں رنگ وروغن کا کام مکمل ہو چکا جبکہ خفیہ کیمروں کا بھی معائنہ کر لیا گیا ہے۔