ٹی 20 ورلڈ کپ جنوبی افریقہ کی 5 وکٹس سے کامیابی

   


ہندوستان کو شکست کا سامنا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے ڈیوڈ ملر اور مارکرام کی بہترین بلے بازی

پرتھ : جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے سوپر 12 کے ایک میچ میں ہندوستان کے خلاف پانچ وکٹس سے کامیابی درج کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھا ہے ۔ جنوبی افریقہ کی اس کامیابی میں آئیڈن مارکرام اور ڈیوڈ ملر نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے اہم رول ادا کیا ۔ ڈیوڈ ملر 56 رنز اسکور کرکے ناٹ آوٹ رہے جبکہ مارکرام 52 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورس میں نو وکٹس کے نقصان پر 133 رنز بنائے تھے ۔ ہندوستانی اوپنر کے ایل راہول آج بھی ناکام رہے اور وہ محض 9 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ مارکرام نے این گڈی کی گیند پر ان کا کیچ لیا جبکہ کپتان روہت شرما بھی بڑا اسکور نہیں کرسکے وہ 15 بناکر این گڈی کی گیند پر انہیں کو کیچ دے بیٹھے ۔ ویراٹ کوہلی کو بھی این گڈی نے آوٹ کیا ۔ ان کا کیچ رباڈا نے لیا ۔ کوہلی نے 12 رن بنائے تھے ۔ ہندوستان کیلئے سوریہ کمار یادو واحد بلے باز تھے جنہوں نے ٹیم کو سنبھالا اور انہوں نے محض 40 گیندوں میں تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے تھے ۔ وین پارنیل کی گیند پر کیشو مہاراج نے انہیں کیچ آوٹ کیا ۔ دیپک ہوڈا کو آج اکشر پٹیل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ صفر پر آوٹ ہوگئے ۔ ہاردک پانڈیا بھی صرف دو رن بناکر این گڈی کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔ رباڈا نے ان کا کیچ لیا ۔ دنیش کارتک بھی بڑا اسکور نہیں کرسکے اور انہوں نے 15 گیندوں میں صرف 6 رن اسکور کلئے ۔ پارنیل کی گیند پر روسو نے ان کا کیچ لیا ۔ اشون سات رن بناکر پارنیل کی گیند پر رباڈا کو کیچ دے بیٹھے ۔ بھونیشور کمار چار رن بناکر اور ارشدیپ سنگھ دو رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ محمد سمیع صفر کے اسکور پر رن آوٹ ہوئے ۔ افریقہ کی جانب سے این گڈی نے چار اور وین پارنیل نے تین وکٹ لئے ۔ جنوبی افریقہ کی شروعات جوابی اننگز میں اچھی نہیں رہی اور کوانٹن ڈی کاک صرف ایک رن بناکر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر کے ایل راہول کو کیچ دے بیٹھے ۔ ٹیمبا باووما نے 10 رن بنائے تھے ۔ محمد سمیع کی گیند پر دنیش کارتک نے ان کا کیچ لیا۔ آر رسو صفر کے اسکور پر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ اس کے بعد مارکرام اور ڈیوڈ ملر نے بہترین رفاقت نبھاتے ہوئے ٹیم کے موقف کو سنبھالا ۔ مارکرام ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں میں 52 رن بناکر پانڈیا کی گیند پر سوریہ کمار یادو کو کیچ دے بیٹھے ۔ ڈیوڈ ملر 59 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ انہوں نے تین چھکے اور چار چوکے لگائے ۔ ٹرسٹن اسٹابس چھ رن بناکر آوٹ ہوئے جبکہ وین پارنیل دو رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ہندوستان کیلئے ارشدیپ سنگھ نے دو ‘ محمد سمیع ‘ ہاردک پانڈیا اور روی چندرن اشون نے ایک ایک وکٹ لی ۔ جنوبی افریقہ نے 19.4 اوورس میں جیت کیلئے درکار نشانہ پار کرلیا ۔ جنوبی افریقہ کے بولر ایل این گڈی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔