دبئی ۔18 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل رواں برس آسٹریلیا میں ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کا انعقاد ممکن بنانے کیلئے پرامید ہے، وہ اس مقصد کیلئے ہر تمام راستے سامنے رکھتے ہوئے مختلف طریقے سوچنے میں مصروف ہے۔ آئی سی سی کے ترجمان نے جاری بیان میں واضح کیا کہ میگا ایونٹ کو فی الحال 2021 تک موخر کرنے کی باتیں درست نہیں، ہم آئی سی سی ایونٹ کیلئے مجوزہ منصوبے کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم عالمی وبا کے پھیلائو کے پیش نظر ہنگامی منصوبہ بندی بھی زیر غور ہے۔ ہم مناسب وقت پر حتمی فیصلے تک ماہرین اور آسٹریلیائی حکومت سے بھی مشاورت جاری رکھیں گے۔ دریں اثنا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹسٹ چمپئن شپ کو دوبارہ ترتیب دینے پر غور شروع کر دیا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کو پروگرام کے مطابق جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے، آئی سی سی حکام مختلف راستے پر غور کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور حفاظتی تناظر میں بہتر سے بہتر فیصلے لئے جائیں گے۔اگر ضرورت ہوئی تو ٹسٹ چمپئن شپ کو دوبارہ مرتب کیا جاسکتا ہے۔ کورونا وبا سے پوری دنیا متاثر ہے، حالات بہتر ہونے میں کتنا وقت لگے گا اس بارے میں فی الحال کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی، ٹسٹ چمپئن کے مستقبل کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈر کی مشاورت سے کسی نتیجہ پر پہنچیں گے لیکن ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔یہ صورت حال آئی سی سی کے لئے بھی ایک چیلنج ہے۔ موجودہ صورت حال میں آئندہ میچز کے پروگرام کے مطابق ہونے کے امکانات ہر بدلتے دن کے ساتھ کم ہوتے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جوئے اور اسپاٹ فکسنگ سمیت کرکٹ کرپشن کے خلاف سخت قوانین بنائے جانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے بھی ایسا ہی کیا ہے اور اس کے بہت ہی مثبت نتائج آئے ہیں۔پاکستان میں کرکٹ کرپشن پر سخت قوانین کی ضرورت ہے اور آئی سی سی اس پر بلا تفریق تمام ممالک کی مدد کرے گی۔