ٹی 20 ورلڈ کپ کے ملتوی ہونے کے خدشات بڑھنے لگے

   

ٹوکیو۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹوکیو اولمپکس ایک سال کے لئے ملتوی ہونے کے بعد دنیا بھر میں کرکٹ کی بڑی سیریز اور بڑے ٹورنمنٹ بھی شدید مشکلا ت اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ حالات میں بہتری نہ آئی تو کرکٹ کے بڑے ایونٹس بھی ملتوی ہوسکتے ہیں۔ آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ ٹیلی کانفرنس 27،28،29 مارچ کو ہونا ہے ،اس کا ایجنڈا ابھی طے نہیں ہے اگر اس اجلاس میں کوئی فیصلہ ہوا تو اس بارے میں میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔ آئی سی سی کو اس ٹیلی کانفرنس میں اپنے ڈائریکٹرز کو مختلف معاملات پر اپ ڈیٹ کرنا ہے جبکہ آئی سی سی اجلاس مئی میں کروانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے اصل اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے جس کے بعد ٹیلی کانفرنس ممکن ہے ۔ مئی میں حالات بہتر ہونے پر اجلاس ہوگا۔ دوسری جانب آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری ہیں۔ ستمبر میں ایشیا کپ ٹی20 ہونا ہے جبکہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں اس کاکوالیفائنگ رائونڈ شروع ہونا ہے۔24اکتوبر سے آئی سی سی ٹوئنٹی 20 کا افتتاحی میچ میزبان آسٹریلیا اور عالمی نمبر ایک پاکستان کے درمیان سڈنی میں مقرر ہے۔ پی ایس ایل کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے کہا اگر جولائی میں جاپان اولمپکس نہ ہونے کا فیصلہ کیا گیا توستمبر میں ایشیا کپ اور اکتوبر میں ورلڈ کپ ٹی 20 کو بھی خطرات ہوسکتے ہیں۔ وسیم خان نے ایک بار پھر اسی خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ایشیا کپ کو شدید خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ایشیاکپ کا میزبان ہے لیکن یہ ٹورنمنٹ متحدہ عرب امارات میں کروانے کی تجویز ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ مستقبل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ، ہالینڈ اور انگلینڈ کا انحصار ان ملکوں کے حالات پر ہوگا۔ پاکستان انگلینڈ کی سیریز کا بھی ویسٹ انڈیز میں ہونا غیر فطری ہے۔ اس بارے میں ویسٹ انڈیز بورڈ بھی وضاحت کرچکا ہے۔ علاوہ ازیں اب آئی پی ایل کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان اس لئے گہرا ہوچکا ہے کیونکہ گزشتہ روزہندوستان کے وزیر اعظم نریندرمودی نے 14 اپریل تک ملک میں لاک ڈاون کا اعلان کردیا ہے ۔یادرہے کہ گزشتہ روز ٹوکیو میںمنعقد شدنی اولمپکس 2020 کو ملتوی کردیا گیا جس کے بعد کئی ایک ایونٹس پر غیریقینی صورتحال کے بادل چھائے ہوئے ہیںلیکن امید کی جارہی ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران کورونا کا اثر ختم ہوجائے گا۔