10 سیکنڈ کے اشتہار کیلئے 25 سے 30 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ
ممبئی : ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ میں اشتہارات کیلئے ہندوستانی نشریاتی ادارہ ریکارڈ معاوضہ مانگنے لگا۔ ایک رپورٹ کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز دکھانے والے نشریاتی ادارے ’اسٹار‘ کی جانب سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ میں کمپنیوں سے 10 سیکنڈ کی جگہ کیلئے 25 سے 30 لاکھ روپے طلب کیے جا رہے ہیں، مذکورہ ادارے کی جانب سے کسی بھی اسپورٹس مقابلے کیلئے 10 سیکنڈ کا یہ سب سے زیادہ معاوضہ ہے۔ایک سینئر میڈیا پلانر نے بتایا کہ براڈکاسٹر نے بیشتر اشتہاری انوینٹری فروخت کر دی ہے اور آخری منٹ پر ملنے والے اشتہاروں پریمیم وصول کر رہا ہے۔ 10 سیکنڈ کا اشتہار دکھانے کا ریٹ 17 سے 18 لاکھ روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ براڈکاسٹر کے پاس پہلے ہی ٹورنمنٹ کے لیے 14 سپانسرز موجود ہیں۔ ایک اور سینئر میڈیا پلانر نے انڈیا اور پاکستان میچ کے لیے بڑھائے گئے نرخوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ناظرین کی تعداد اور اشتہارات کی آمدنی کے لحاظ سے کرکٹ کو ہمیشہ اچھی پذیرائی ملی ہے۔جب ہندوستان۔ پاکستان میچوں کی بات آتی ہے تو ہمیشہ زیادہ ناظرین ہوں گے، اشتہارات کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے، اس کے علاوہ ایک اچھے تہوار کے دور میں بہت کچھ ہوتا ہے اور مشتہرین چند اضافی روپے خرچ کرنے سے نہیں ہچکچاتے۔ واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو شیڈول پاک ۔ ہندوستان میچ کا دنیا بھر کے کروڑوں شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔