دبئی: ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں 2021 ٹی 20 ورلڈ کپ میں 12 ٹیموں کے مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہوں گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکٹوبر تا 14 نومبر متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد ہورہا ہے جس میں 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ابتدائی مرحلہ کے بعد 4 ٹیموں کا اخراج عمل میں آئے گا اور دوسرے مرحلے میں 12 ٹیموں کا آمنا سامنا ایک دوسرے سے ہوگا۔ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کا یہ دو سال بعد پہلا مقابلہ ہوگا۔ کیوں کہ پڑوسی ممالک کی دونوں ٹیموں ایک دوسرے کے خلاف 2019ء ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوئی تھی۔ جمعہ کو آئی سی سی نے گروپ بندی کی تفصیلات جاری کی ہیں جس میں ابتدائی مرحلے کے علاوہ دوسرا مرحلہ جسے سوپر 12 مرحلہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ کورونا بحران کے گزشتہ برس آغاز کے بعد سے یہ آئی سی سی جانب سے منعقد کیا جانے والا پہلا سب سے بڑا عالمی ایونٹ ہے۔ حالانکہ اس سے قبل گزشتہ ماہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل بھی منعقد ہوا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 ٹورنمنٹ کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں لیکن 16 ٹیموں کے اس عالمی ایونٹ کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن امید ہے کہ عنقریب ٹورنمنٹ کی تمام تفصیلات منظرعام پر پیش کی جائیں گی۔ ا بتدائی مرحلے کے مقابلے دو گروپس میں منعقسم کئے گئے ہیں اور یہ مقابلے متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد کئے جائیں گے۔ گروپ اے میں سری لنکا، آئیرلینڈ، نیدرلینڈ اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ، پاپاو نیو جنیوا اور عمان ہیں۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سوپر 12 میں رسائی حاصل کریں گی جس کے مقابلے امارات کے تین مقامات ابوظہبی، دبئی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے۔ سوپر 12 میں رسائی حاصل کرنے والی 12 ٹیموں کو دو گروپ میں منقسم کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان گروپ II میں موجود ہیں جن کے ساتھ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے علاوہ بی 1 اور اے 2 کی سرفہرست ٹیمیں موجود ہوں گی جبکہ گروپ I میں دفائی چمپئن ویسٹ انڈیز کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے علاوہ اے 1 اور بی 2 گروپ کی سر فہرست ٹیمیں موجود رہیں گی۔ ہندوستان اور پاکستان مختلف گروپس میں موجود تھیں لیکن 2020ء میں یہ ٹورنمنٹ آسٹریلیا میں منعقد شدنی تھا لیکن کورونا بحران کی وجہ سے یہ ملتوی کیا گیا لیکن اب جبکہ نیا شیڈول کا اعلان ہوا ہے اس میں آئی سی سی کی درجہ بندی کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کا گروپ 12 میں ایک دوسرے کا سامنا ہورہا ہے۔ آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستان اس وقت انگلینڈ کے بعد موجود ہے تاہم یہ نیوزی لینڈ اور پاکستان سے آگے ہے۔ یاد رہے یہ ٹورمنٹ پہلے ہندوستان میں منعقدشدنی تھا لیکن کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے ہندوستان میں حالات بری طرح متاثر ہوئے جس کے بعد آئی سی سی نے ہندوستان کی میزبانی کو برقرار رکھتے ہوئے مقابلے کے انعقاد کے مقامات کو تبدیل کرت ہوئے امارات اور عمان منتقل کردیا ہے۔ ورلڈکپ میں ہندوستانی ٹیم کا اپنی کٹر حریف پاکستان کے خلاف ہمیشہ ہی پڑلہ بھاری رہا ہے اور پاکستان آئی سی سی ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف اپنی پہلی کامیابی کے تعاقب میں ہے۔