ٹی10 میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو روک دیا گیا

   

کراچی۔24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی10 لیگ کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو لیگ کے لئے جاری کیے گئے این او سی منسوخ کرتے ہوئے لیگ میں شرکت سے روک دیا ہے۔ ٹی10 لیگ رواں سال 15 سے 24نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس کے لیے بورڈ نے کھلاڑیوں کو مشروط این او سی جاری کیے تھے۔تاہم اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو جاری کیے گئے یہ اجازت نامے منسوخ کر دیے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں اس اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کے ساتھ کھلاڑیوں پر عاید بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ نے یہ فیصلہ کیا۔ بورڈ کے بموجب یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پی سی بی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور میڈیکل صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 23 سے 25نومبر تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کیمپ جاری رہے گا۔ 10اوورز فی اننگز پر مشتمل کرکٹ کے نئے فارمیٹ ٹی10 لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد 2017 میں کیا گیا تھا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے متعدد انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی اور اسے خاصی پذیرائی بھی ملی تھی۔2018 میں اگلے ایڈیشن کے انعقاد سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس کی باضابطہ منظوری دے دی تھی اور پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کو اس میں شرکت کے لیے این او سی جاری کردیا تھا۔تاہم اس لیگ کے انعقاد اور اس میں نامور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی شرکت پر اس وقت سوالیہ نشان لگ گیا تھا جب اس لیگ کے دوران میچ اور اسپاٹ فکسنگ کے الزامات منظر عام پر آئے تھے۔ٹی10 لیگ میں کرپشن اور فکسنگ کے الزامات پر سابق سری لنکن فاسٹ بولر نووان زوئیسا اور سابق کوچ آوشکا گوناوردنے کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔اس کے علاوہ بھی لیگ کی ایک فرنچائز کے مالک کے مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہوے پر انہیں ملکیت سے محروم کردیا گیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے بھی مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔