ابوظہبی ( ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )) دنیا بھر میں ہونے والی ٹی 20 لیگز پرانٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ لیگز میں بدعنوانیوں کو روکنا آئی سی سی کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ دنیا میں ہونے والی کچھ لیگزکا ڈھانچہ اور مالی معاملات ناقص ہیں یہ لیگز زیادہ عرصے نہیں چل سکتی۔ آئی سی سی نے غیر ملکی لیگز پر پالیسی بیان جاری کیا انہوں نے براہ راست کسی لیگ کا نام لینے سے گریز کیا لیکن ذرائع نے کہا ہے کہ ٹی ٹین لیگ، بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ اور افغان لیگ کے مالی معاملات ٹھیک نہیں ہیں۔ آئی سی سی کے بموجب رکن ملکوں کی درخواست پر مختلف لیگز کے معاملات کو دیکھنے کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔ ورکنگ گروپ غیر ملکی لیگز کے قواعد وضوابط بنائے گا اور تمام لیگز کو ان قواعد وضوابط کو پورا کرنا ہوگا ورنہ ان لیگزکو این او سی جاری نہیںکیا جائے گا۔ آئی سی سی کے سی ای او ڈیو رچرڈسن نے میڈیا کے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ آئی سی سی آئی پی ایل پرکریک ڈائون کررہا ہے۔