نئی دہلی۔16 فروری (یو این آئی) ٹی20 ورلڈ کپ کے 28ویں میچ میں افغانستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں یو اے ای کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ تاہم اس جیت کے باوجود افغانستان کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے امکانات اب بھی بہت کم ہیں۔ یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں افغانستان نے آخری اوور تک جاری رہنے والے مقابلے میں 5 وکٹیں کھو کر ہدف حاصل کر لیا۔ افغانستان کی اس جیت کیساتھ ہی جنوبی افریقہ سپر 8 میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو آخری اوور تک بیٹنگ کرنا پڑی۔ افغانستان کی جانب سے ابراہیم زدران نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 21 گیندوں پر ناقابلِ شکست 40 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ درویش رسولی نے بھی 33 رنز کا اہم کردار ادا کیا۔ یو اے ای کی طرف سے محمد عرفان اور جنید صدیقی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔یو اے ای نے گروپ ڈی کے اس میچ میں شعیب خان کی نصف سنچری کی بدولت 9 وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ انہوں نے 48 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کیے اور علی شان شرفو (40) کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے 84 رنز کی شراکت قائم کی، جس سے ٹیم ایک مسابقتی اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔افغانستان کیلئے تیز گیند باز عظمت اللہ عمرزئی نے 15 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمن نے 31 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ یو اے ای نے دوسرے اوور تک صرف 13 رنز پر اپنے دونوں اوپنرز آریانش شرما (0) اور کپتان محمد وسیم (10) کے وکٹ گنوا دیے۔چوتھے اوور کی پہلی ہی گیند پر آریانش شرما نے عظمت اللہ کی گیند پر وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز کو کیچ دے دیا جبکہ اگلے اوور میں محمد وسیم ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ شعیب خان نے مجیب پر چھکا اور اگلے اوور میں تین چوکے لگا کر اسکور تیزی سے بڑھایا، جبکہ شرفو نے بھی اہم شاٹس کھیلے جس سے پاور پلے کے اختتام پر یو اے ای کا اسکور 2 وکٹ پر 55 رنز ہو گیا۔شرفو نے راشد خان کی گیند پر چھکا لگایا اور نور احمد کو بھی باؤنڈری کے پار پہنچایا، تاہم جب ٹیم مضبوط پوزیشن میں جا رہی تھی تو مجیب کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ ابراہیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ یو اے ای کے 100 رنز 13ویں اوور میں مکمل ہوئے جبکہ 15ویں اوور میں عظمت اللہ نے سید حیدر (13) اور ہرشیت کوشک (0) کو آؤٹ کر کے یو اے ای کو بڑا نقصان پہنچایا۔