ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی کے عالمی سفر کا نیویارک سے آغاز

   

نیویارک ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے ٹرافی ٹورکا باضابطہ آغازکردیا ہے۔ ٹرافی ٹور کی ابتدائی تقریب نیویارک کی مشہور ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر بلڈنگ کو ورلڈکپ تھیم کے نیلے اور گلابی رنگوں میں روشن کیا گیا ۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور دوبارکے ٹی 20 ورلڈ کپ چمپئن کرس گیل نے امریکی بولر علی خان کے ساتھ مل کر ٹرافی ٹور کا آغازکیا۔ اس سفر میں دنیا بھر سے15 ممالک شامل ہوں گے جس میں ٹرافی مختلف اسٹیڈیمز، ٹیموں، مشہور عمارتوں اور لیجنڈری کرکٹرز سے ہو کر گزرے گی۔ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔ ان 15 ممالک کے علاوہ ٹرافی نئے شائقین کو کرکٹ کی طرف راغب کرنے کے لیے ارجنٹینا، برازیل اورکینیڈا جیسے ابھرتے ہوئے ممالک کا بھی دورہ کرے گی۔ ٹرافی کو18 سے 23 مارچ تک نیویارک، ڈیلس اور ہوسٹن کا سفرکروایا جائے گا، امریکہ کے بعد ورلڈ کپ ٹرافی ویسٹ انڈیز جائے گی۔ آئی سی سی کے جنرل منیجر، مارکیٹنگ اور کمیونیکیشنز، کلیئر فرلانگ نے کہا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 شروع ہونے میں تین ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے، اس بات کی توقع ہے کہ یہ امریکہ میں کرکٹ کے لیے ایک تاریخی دور ہوگا۔ یہ امریکہ میں ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا جس میں 34,000 نشستوں والا ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، ڈیلاس کا گرینڈ پریری کرکٹ اسٹیڈیم اور لاڈرہل میں بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم شامل ہوں گے۔ نیویارک آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ دیگر دو مقامات پر چار، چار میچز ہوں گے۔ ویسٹ انڈیز ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کا شریک میزبان ہے، یہاں انٹیگوا اور باربوڈا، بارباڈوس، گیانا، سینٹ لوشیا، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو جیسے مشہور مقامات پر میچز ہوں گے۔