ٹی20 ورلڈ کپ پر سوالیہ نشان،اگسٹ میں فیصلہ متوقع

   

میلبورن ۔21 اپریل(سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے باعث آسٹریلیا میں 30 ستمبر تک فلائٹ آپریشن معطل ہے، آئی سی سی ورلڈ کپ ہوگا یا نہیں، اس کا فیصلہ اگست میں ہوگا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیف ایگزیکٹیو کی اہم ٹیلی کانفرنس جمعرات کو ہوگی۔دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے اثرات کرکٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث آسٹریلیا نے 30 ستمبر تک سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے شروع ہونا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو بھی ملتوی کیا جاسکتا ہے۔ آئی سی سی نے ایونٹ کے ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ اگست میں کرنا ہے۔آئی سی سی ذرائع کے مطابق ابھی ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کا اعلان مناسب نہ ہوگا۔ذرائع نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق ہونے کے امکانات کم ہیں، سارا انحصار صورت حال کی بہتری پر ہے۔دوسری جانب آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی اہم ٹیلی کانفرنس جمعرات کو مقرر ہے اور اس کے ایجنڈے میں ورلڈ کپ کے حوالے سے ٹیموں کے نئے خدشے کو بھی شامل کرلیا گیا جبکہ تماشائیوں کے بغیر میچز کرانے کا منصوبہ بھی زیر غورآئے گا۔