ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان

   

نئی دہلی ۔ آئی سی سی خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 15 رکنی ٹیم کی کمان ہرمن پریت کورکے ہاتھ میں ہے۔ ہرمن پریت کے علاوہ اسمرتی مندھانا ٹیم کی دوسری تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ شریانکا پاٹل اور وکٹ کیپر بیٹر یاستیکا بھاٹیہ کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے، جو ابھی تک اپنے زخم سے صحتیاب نہیں ہوئی ہیں۔ اگر یہ دونوں کھلاڑی ٹورنمنٹ شروع ہونے تک فٹ ہو گئے تو وہ ٹیم میں رہیں گے، بصورت دیگر ان کی جگہ لی جا سکتی ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے 3 کھلاڑیوں کو ریزرو رکھا ہے۔ یہ کھلاڑی اوپننگ سے لے کر مڈل آرڈر تک کی ذمہ داری نبھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ٹیم انڈیا کی اوپننگ کی ذمہ داری اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کے سر پر ہوگی۔ ان کے علاوہ جمائمہ روڈریگز، کپتان ہرمن پریت کور اور تجربہ کار آل راؤنڈر دیپتی شرما مڈل آرڈر میں ٹیم کی قیادت کرتی نظر آئیں گے۔ ان کے علاوہ یستیکا بھاٹیہ اور ڈی ہیمالتا میں سے ایک بھی مڈل آرڈر میں پلیئنگ الیون میں جگہ بناتے ہوئے نظر آئیں گی۔ ریچا گھوش ٹیم کی پہلی پسند وکٹ کیپر بننے جا رہی ہیں، جو میچ ختم کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتی ہیں۔ ریچا ہمالیائی شاٹس مارنے میں ماہر ہیں۔ ٹیم کے فاسٹ بولنگ شعبہ کی کمان رینوکا ٹھاکر اور پوجا وستراکر کریں گے، شریانکا پاٹل، آشا شوبھنا اور رادھا یادو اسپن کا شعبہ سنبھالتے ہوئے نظر آئیں گی۔ خواتین کا ٹی20 ورلڈ کپ 3 اکتوبرکو متحدہ عرب امارات میں ہونا ہے جس میں ہندوستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 4 اکتوبرکو نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گی۔ 6 اکتوبرکو اسے ایک ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کا سامنا کرنا ہے جو اس کا ٹورنمنٹ میں دوسرا میچ ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم 9 اکتوبر کو سری لنکا اور 13 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میچز17 اور 18 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ جبکہ فائنل 20 اکتوبر کو ہوگا۔