ٹی20 ورلڈ کپ کی امارات منتقلی کااعلان کیا جائے : عاقب

   

کراچی ۔ پاکستان کے سابق ٹسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ہندوستان میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا، دس بارہ ممالک کو ہندوستان میں کھیلنے کے لئے آمادہ نہیں کیا جا سکتا لہذا آئی سی سی کو جلد از جلد ٹی 20 ورلڈ متحدہ عرب امارات منتقل کر دینا چاہیے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ہندوستانی بورڈ آئی پی ایل مکمل نہیں کروا سکا، تمام ممالک اپنے کھلاڑیوں اور شہریوں کو ہندوستان سے نکلنے کا حکم دے رہے ہیں،عقل مندی یہی ہے کہ آئی سی سی یو اے ای میں ورلڈ کپ کو منتقل کرے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ یو اے ای کے پاس اچھا اسٹرکچر ہے ٹی 10 لیگ کے لیے مثالی انتظامات تھے۔یادرہے کہ اس وقت ہندوستان میں کورونا کا بحران شدید صورت حال اختیار کرچکاہے اور ان حالات میں ہندوستان کی ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی ممکن نہیں ہے ۔