پائلٹ بننے کے خواہاں نوجوان انجینئر کی مالی مدد

   

جناب زاہد علی خاں اور افتخار حسین نے ایک ایک لاکھ روپئے عطیہ دیا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دنیا میں ایسے بہت کم لوگ ہیں جو دوسروں کی پریشانی ان کی مصیبتوں ان کی حالت زار ان کی غربت و ضرورت پر تڑپ اٹھتے اور نہ صرف ضرورت مندوں کی مدد کے لیے خود دست تعاون دراز کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی اس طرح کے نیک کام کی ترغیب دیتے ہیں ۔ ایسی شخصیتوں کے بارے میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ ان پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہوتا ہے ۔ خاص فضل ہوتا ہے تب ہی تو وہ بڑی خوشی کے ساتھ دوسروں کی مدد کے معاملہ میں آگے آگے رہتے ہیں ۔ ایسی ہی شخصیتوں میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین بھی شامل ہیں ۔ آپ کو یاد دلادیں کہ روزنامہ سیاست کی 16 مئی کی اشاعت میں ’ ملت کے ایک ہونہار نوجوان کی پائلٹ بننے میں مالی مدد کریں ‘ سرخی کے ساتھ ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے ملک و بیرون ملک حیدرآبادیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اس نوجوان کی مابقی فیس 26 لاکھ روپئے کی ادائیگی میں مدد کریں چنانچہ ایک مدرسہ کے مدرس مولانا محمد شہریار عالم کے ایرو اسپیس انجینئر فرزند محمد یار عالم کی مدد کے لیے کچھ ہمدردان ملت آگے آئیں ہیں چونکہ جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے اپنی جانب سے ایک ایک لاکھ روپئے مالی مدد کے طور پر فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ آج محمد یار عالم کے والد جناب محمد شہریار عالم کو دفتر سیاست میں مدعو کر کے جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے دو لاکھ روپئے ان کے حوالے کیے ۔ اس سے پہلے دو تین ہمدردانہ ملت نے محمد یار عالم کے اکاونٹ میں 78 ہزار روپئے جمع کروائے ۔ سیاست ڈاٹ کام انگریزی میں بھی پائلٹ کی تربیت حاصل کررہے اس نوجوان کی مالی مدد سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں ان کا بینک اکاونٹ نمبر اور فون نمبرات بھی دئیے گئے ہیں ۔ اس نوجوان کی مدد کے خواہاں اہل خیر حضرات 7569442703 پر ان کے والد سے ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔۔