دل کھول کر تعاون کرنے ہمدردانہ ملت سے جناب زاہد علی خاں اور افتخار حسین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : وہ بچپن سے ہی اڑنے والے کھلونوں سے کھیلا کرتا تھا ۔ اس کی نگاہیں اس وقت پوری طرح آسمان پر جم جاتی تھیں جب وہ آسمانوں اور بادلوں کو چیرتے ہوئے طیاروں کو دیکھتا ۔ بچپن سے ہی اس کی دلی تمنا تھی کہ پائلٹ بنے طیارے اڑائے ، بہر حال اللہ تعالیٰ نے اس کی خواہشات اس کی تمناؤں کو پورا کیا ۔ اس کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا اور والد صاحب کی مالی حالت کچھ خاص نہ ہونے کے باوجود اس نے بالآخر کمرشیل پائلٹ کی تربیت مکمل کرلی ۔ اس کی زندگی میں ایک ایسا مرحلہ بھی آیا جب اس نے یہ تہیہ کرلیا کہ پائلٹ بننے سے متعلق اپنے خواب کو ادھورا چھوڑ دے لیکن عین وقت پر قدرت نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور دوبئی میں مقیم حیدرآباد کی ممتاز شخصیت جناب نواز احمد خاں اور سیاست کے قارئین کو اس نوجوان کی مدد کے لیے کھڑا کردیا اور الحمدﷲ آج وہ کمرشیل پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔ پائلٹ محمد یار عالم نے چائمس ایوی ایشن اکیڈیمی مدھیہ پردیش سے کمرشیل پائلٹ کی ٹریننگ مکمل کرلی ۔ 14 ماہ کی اس تربیت کی تکمیل کے ساتھ ہی محمد یار عالم کو کمرشیل پائلٹ کا لائسنس بھی مل گیا ہے ۔ اب انہیں ٹائپ ریٹنگ Type Rating کا کورس کرنا ہوگا یہ کورس صرف 50 یوم کا ہوتا ہے ۔ ٹائپ ریٹنگ کورس کی تکمیل کے بعد ہی وہ بحیثیت پائلٹ دنیا کی کسی بھی ایر لائنز میں ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ محمد یار عالم کے والد محمد شہریار رضوی القادری ایک مسجد کے امام ہیں ۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو پائلٹ کی تربیت دلانے کے لیے ان کے پاس جو کچھ تھا اسے فروخت کیا ۔ رشتہ داروں سے مدد لی ۔ اس کے باوجود 60 لاکھ کی خطیر رقم جمع نہ کرسکے ۔ ایسے میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیاض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور احمد نواز خاں جیسی شخصیتیں سامنے آئیں ۔ قارئین سیاست نے بھی غیر معمولی تعاون کیا ۔ اس طرح محمد یار عالم پائلٹ بننے اور کمرشیل لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ جناب زاہد علی خاں اور روزنامہ سیاست نے اس سے قبل سلویٰ فاطمہ کو پائلٹ بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی تھی ۔ اس طرح اخبار سیاست کی جانب سے اب تک ایک لڑکی اور ایک لڑکا پائلٹ بننے میں کامیاب ہوئے ۔ اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری افتخار حسین کا اہم کردار رہا ۔ اب محمد یار عالم کو Type Rating کورس کے لیے 17 تا 20 لاکھ روپئے درکار ہیں ۔ ایسے میں نہ صرف حیدرآباد میں رہنے والے ہمدردان ملت قارئین سیاست ، فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان بلکہ ملک و بیرون ملک مقیم ہمدردان ملت سے جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے اپیل کی ہے کہ وہ ملت کے اس ہونہار نوجوان پائلٹ کی مدد کریں تاکہ وہ Type Rating کورس کر کے کسی اچھی ایرلائنز میں ملازمت کرسکے ۔ خود محمد یار عالم کا کہنا ہے کہ ملت نے ان کی جو مدد کی ہے وہ بھی اسی طرح ملت کے مستحق نوجوانوں کی مدد کریں گے ۔ ذیل میں محمد یار عالم کا اکاونٹ نمبر اور دیگر تفصیلات دی جارہی ہیں ۔۔
Mohammed Yar Alam
A/C. No. 50100372006386
HDFC Bank
Branch : Qutubullahpur
Account Type : Saving
Phone No: 7989228679
IFSC : HDFC 0001041